سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے نواحی علاقے غزا بند اور اغبرک میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آپریشن کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن خفیہ انٹیلی جنس اطلاعات پر کیا گیا جس میں بتایا گیا تھا کہ دہشت گرد پہاڑی علاقے میں بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ فورسز نے کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں جدید اسلحہ، بارودی مواد اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا۔
بروقت اور کامیاب آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی گئی۔ حکام نے مزید بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی قیمت پر امن و امان کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔