ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے ایک نجی اسکول میں کھلونا بم پھٹنے سے چار بچے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب چہارم جماعت کے ایک طالب علم نے راستے سے ملنے والا کھلونا بم اسکول لے آیا۔ اسکول کے پرنسپل کے مطابق کھیل کے دوران بچے نے کلاس میں کھلونا بم زمین پر مارا جو اچانک پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں چار طلبہ زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔ پرنسپل کے مطابق زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس ایچ او جمرود نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ شروع کر دیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔