غزہ امن معاہدے کا ’حقیقی امکان‘ ہے: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

اردو نیوز  |  Oct 08, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ غزہ میں امن معاہدے کا ’حقیقی امکان‘ موجود ہے، کیونکہ حماس اور اسرائیلی مذاکرات کار 7 اکتوبر کے حملے کی دوسری برسی کے موقع پر بالواسطہ بات چیت کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے اوول آفس میں کینیڈین وزیرِ اعظم مارک کارنی کے ساتھ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مشرقِ وسطیٰ میں ایک ایسا معاہدہ کرنے کے بہت قریب ہیں جو وہاں امن لے آئے گا۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی مذاکرات کار اس وقت مصر میں جاری بات چیت میں شامل ہیں۔

 وائٹ ہاؤس نے پیر کو کہا تھا کہ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر بھی اس عمل میں کردار ادا کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’یہ ایک حقیقی موقع ہے کہ ہم کچھ کر سکتے ہیں۔‘

’میرا خیال ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کا امکان موجود ہے۔ یہ صرف غزہ کی صورت حال سے بھی آگے کی بات ہے۔ ہم فوری طور پر تمام یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔‘

’ہماری ٹیم اس وقت وہاں موجود ہے، ایک اور ٹیم حال ہی میں روانہ ہوئی ہے، اور دنیا کے تقریباً ہر ملک نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے۔‘

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر حماس اور اسرائیل جنگ کے خاتمے کے لیے جنگ بندی پر متفق ہو جاتے ہیں تو امریکہ ہر ممکن اقدام کرے گا تاکہ تمام فریق معاہدے کی پابندی کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More