اب پاس ہونے کے لئے کتنے نمبر چاہئیں۔۔ نیا گریڈنگ فارمولا متعارف ! اطلاق کب سے ہوگا؟

ہماری ویب  |  Oct 08, 2025

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے طلبہ کی کارکردگی کو جدید تعلیمی معیار کے مطابق پرکھنے کے لیے نیا گریڈنگ فارمولا جاری کر دیا ہے۔ یہ نظام مرحلہ وار نافذ ہوگا۔ میٹرک کے امتحانات میں 2026 سے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 2027 سے اس کا اطلاق کیا جائے گا۔

بورڈ حکام کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد طلبہ کے نتائج کو زیادہ شفاف، منصفانہ اور بین الاقوامی تعلیمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ نئے گریڈنگ فارمولا کے تحت طلبہ کو نمبروں کے بجائے کارکردگی کی سطح کے مطابق گریڈز دیے جائیں گے۔

نئے گریڈنگ سسٹم کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

اے++ گریڈ: 96 تا 100 فیصد نمبر حاصل کرنے والے

اے + گریڈ: 91 تا 95 فیصد نمبر

اےگریڈ: 86 تا 90 فیصد نمبر

بی++ گریڈ: 81 تا 85 فیصد نمبر

بی + گریڈ: 76 تا 80 فیصد نمبر

بی گریڈ: 71 تا 75 فیصد نمبر

سی+ گریڈ: 61 تا 70 فیصد نمبر

سی گریڈ: 51 تا 60 فیصد نمبر

ڈی گریڈ: 40 تا 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والے

جبکہ 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو 'Ungraded' تصور کیا جائے گا یعنی وہ امتحان میں ناکام شمار ہوں گے۔ تاہم ایسے طلبہ کو دوبارہ امتحان دینے کا موقع دیا جائے گا اگر وہ دیگر شرائط پوری کرتے ہوں۔

فیڈرل بورڈ کے ترجمان کے مطابق اس نظام سے امتحانی نتائج میں شفافیت اور اعتبار میں اضافہ ہوگا کیونکہ اب توجہ صرف نمبروں پر نہیں بلکہ طلبہ کی حقیقی سیکھنے کی صلاحیت اور تعلیمی معیار پر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نیا گریڈنگ فارمولا تعلیمی ماہرین، اساتذہ اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے نفاذ سے پاکستان کا تعلیمی ڈھانچہ عالمی معیار کے قریب آ جائے گا اور طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بین الاقوامی مواقع حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More