اکاؤنٹس اور اثاثوں کی جانچ پڑتال، ’پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث مذہبی جماعت‘ کے خلاف کارروائیاں

اردو نیوز  |  Oct 14, 2025

پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف آئی اے نے منگل کی شام ٹی ایل پی کا نام لیے بغیر ایک بیان میں کہا کہ ’ریاست مخالف پُرتشدد سرگرمیوں میں ملوث مذہبی جماعت کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات سمیت دیگر قانونی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔‘

بیان کے مطابق’ ایف آئی اے لاہور شواہد کی بنیاد پر مذہبی جماعت کے متعدد اور اہم عہدے داروں اور کارکنوں کے اکاؤنٹس اور اثاثہ جات کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔‘

’ایف آئی اے کی جانب سے متعدد بینک اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے جو مبینہ طور پر پُرتشدد احتجاج کے لیے فنڈنگ میں استعمال ہو رہے تھے۔ فنڈنگ اور مالی معاونت میں ملوث اہم افراد کے نام سٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کا عمل جاری ہے۔‘

ٹی ایل پی نے چند دن قبل لاہور سے اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا جس کے بعد پیر کی صبح لاہور کے نواحی شہر مریدکے میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کریک ڈاؤن کر کے لانگ مارچ کے شرکاء کو منتشر کر دیا تھا۔

اس کے بعد ٹی ایل پی کی قیادت سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے اور پولیس اس جماعت کے سرکردہ ارکان کی گرفتاریوں کے لیے مختلف شہروں میں چھاپے بھی مار رہی ہیں۔

ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ ’تحقیقات جاری ہیں اور غیرقانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔‘

اس احتجاج کے بعد سرکاری طور پر ایک ایس ایچ او سمیت پانچ افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ 

احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والے ایس ایچ او شہزاد نواز کی نماز جنازہ منگل کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شیخوپورہ میں ادا کی گئی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اس مذہبی جماعت کے 70 گرفتار کارکنوں کو پیش کیا جا چکا ہے جن کا 11 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح پولیس نے اسی جماعت سے منسلک سات مدارس بھی جنوبی پنجاب کے شہر وہاڑی میں سیل کر دیے ہیں۔

ٹی ایل پی کے سوشل میڈیا سیل پر بھی پولیس کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر ’انتشار‘ پھیلانے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور رات گئے مختلف شہروں سے 39 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 

سرکاری طور پر ایک ایس ایچ او سمیت پانچ افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)پولیس کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں لاہور، قصور، کامونکی، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں کی گئیں جبکہ مزید 87 افراد کے واٹس ایپ اور فیس بک اکاؤنٹس ٹریس کر لیے گئے ہیں۔

سعد رضوی کے گھر سے بھاری رقوم اور سونا برآمد ہوا: پولیس

منگل ہی کو لاہور پولیس نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کے گھر میں چھاپے کے دوران برآمد کی گئی اشیاء کی تفصیل بھی جاری کی۔

پولیس کے مطابق ’سعد رضوی کے گھر چھاپے میں 14 کروڑ 44 لاکھ پاکستانی روپے جبکہ چھ کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونا برآمد ہوا ہے۔‘

بہارہ کہو میں پولیس اور رینجرز نے ایک گھر پر چھاپہ مارا ہے (فوٹو: اے ایف پی)پولیس نے اپنے بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ’چھاپے کے دوران 50 ہزار مالیت کی انڈین کرنسی بھی برآمد ہوئی ہے۔‘

’اس کے علاوہ برطانیہ، کینیڈا اور خلیجی ممالک کی کرنسی بھی قبضے میں لی گئی جس کی مالیت 25 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔‘

بہارہ کہو میں پولیس کا چھاپہ

ادھر بہارہ کہو میں پولیس اور رینجرز نے ایک گھر پر چھاپہ مارا ہے جس سے متعلق اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ’وہاں ٹی ایل پی کے کارکن جمع تھے۔‘

پولیس کے مطابق ’مریدکے آپریشن کے دوران جان بحق ہونے والے شہری کا گھر تھا اور اس کے لواحقین کا کہنا تھا کہ میت ہمارے حوالے نہیں کی جا رہی، ہم میت کی لینے کے لیے حکمت عملی بنانے کے لیے جمع ہوئے تھے۔‘

تاہم پولیس نے یہ کہتے ہوئے کہ ’اسلام آباد میں کسی اجتماع کی اجازت نہیں ہے‘ مجمعے کو منتشر کر دیا۔

دوسری جانب مریدکے میں ہونے والے آپریشن کو کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود ٹی ایل پی کی جانب سے تاحال کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More