آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی پہلی حکومت قائم ہو چکی ہے، آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اے پی پی  |  Aug 04, 2021

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی پہلی حکومت قائم ہو چکی ہے، آزاد جموں و کشمیر کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، اب عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہو چکے ہیں، وزیراعظم عمران خان ملک میں ریفارمز اور احتساب پر خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز سسٹم کا حصہ نہیں ہیں، شہباز شریف کو پارلیمنٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقیوم نیازی کا تعلق پونچھ سیکٹر سے ہے، عبدالقیوم نیازی پرانے سیاستدان ہیں اور کشمیری عوام کی نبض اور احساسات کو سمجھتے ہیں، کشمیر کی آزادی کے حوالے سے جدوجہد میں بھی سردار عبدالقیوم نیازی کے خاندان کا ایک خاص کردار ہے، میں سمجھتا ہوں عبدالقیوم نیازی ساری ٹیم کو ساتھ لے کر چلیں گے اور صحیح معنوں میں کشمیر کے عوام کی ترجمانی کریں گے، وزیراعظم عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی پر اعتماد کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اس اعتماد پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف صحیح معنوں میں وفاق کی جماعت بن کر ابھری ہے، اس وقت پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جس کی وفاق، خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں حکومت ہے، پاکستان کے عوام نے پی ٹی آئی اور وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اب ہماری بھی ترجیحات ہیں کہ ہم عوام سے کئے وعدوں پر پورا اتریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں ریفارمز اور احتساب پر خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ عام آدمی کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی ترجیح ہے، موجودہ حکومت نے ملک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کامیاب پاکستان پروگرام کا آغاز کیا، اس پروگرام کے تحت 45 لاکھ خاندانوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی، ان سہولیات میں پانچ لاکھ روپے تک کے بلا سود قرض کی فراہمی، 27 لاکھ روپے کم آمدن والے طبقے کو گھر کی تعمیر کے لئے اور اس کے ساتھ ساتھ صحت کارڈ بھی شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا نفرت انگیز بیانیہ فلاپ ہو گیا، سیالکوٹ میں ہونے والے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، اپوزیشن نے پاکستان کو سوائے نفرتوں، بیڈ گورننس، منی لانڈرنگ، جعلی اکائونٹس اور ٹی ٹیز کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک ایسے لیڈر ہیں جن کی ہر سوچ میں ملک کا عام آدمی شامل ہوتا ہے، کورونا وباء کے دوران وزیراعظم عمران خان نے نہ صرف ملکی معیشت کو بحال کیا بلکہ گروتھ کی جانب لے کر گئے، ملک میں تاریخی برآمدات اور زرمبادلہ آیا ہے، ڈیمز بن رہے ہیں اور وفاق 900 ارب روپے کی پی ایس ڈی پی لایا ہے، صوبائی حکومتیں بہتر انداز میں کام کر رہی ہیں، کورونا کی صورتحال سے بھی ہم بہتر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف کے بیان کو خوش آئند قرار دیا، وزیراعظم عمران خان نے اسمبلی میں اپوزیشن کو دعوت دی کہ انتخابی اصلاحات کے آگے بڑھیں اور اپنی مثبت تجاویز لے کر آئیں، نواز شریف اور مریم نواز سسٹم کا حصہ نہیں ہیں، شہباز شریف پارلیمنٹ کا حصہ ہیں اور ان کو پارلیمنٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More