ہم بھی پشاوری ہیں ۔۔ شاہ رخ، مدھولا اور امجد ہی نہیں بلکہ ۔۔۔ بھارت کے کون کون سے مشہور فنکاروں کا تعلق پشاور ہے؟

ہماری ویب  |  Dec 09, 2022

پھولوں کا شہر پشاور بر صغیر کے قدیم شہروں میں سے ایک ہے، پاکستان کا یہ شہر گزشتہ کچھ عرصہ سے بدامنی کی لپیٹ میں ہے تاہم اس شہر نے بے شمار کھلاڑی، ادیب اور اداکار پیدا کئے ہیں جو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت سمیت پوری دنیا میں مشہور ہیں۔

بھارت کے سپر اسٹارز میں سے کئی ستاروں کا آبائی تعلق پشاور سے ہے گوکہ تقسیم ہند کے بعد ان کے خاندان بھارت ہجرت کرگئے تھے لیکن پشاور سے ان کی دلی وابستگی اور لگاؤ آج بھی برقرار ہے۔ آج ہم آپ کو پشاور سے تعلق رکھنےو الے کچھ نامور بھارتی فنکاروں کے بارے میں بتائیں گے۔

محمد یوسف خان عرف دلیپ کمار

سینما انڈسٹری میں دلیپ کمار کسی تعارف کے محتاج نہیں، ان کا اصل نام محمد یوسف خان جبکہ دلیپ کمار فلمی نام ہے جو آج پوری دنیا میں جانا جاتا ہے۔ دلیپ کمار کا تعلق پشاور سے تھا۔ ان کا خاندان قصہ خوانی بازار میں رہتا تھا۔ ان کے والد باغات کے مالک اور مشہور تاجر تھے تاہم 1935 میں پورا خاندان کاروبار کے لیے ممبئی ہجرت کرگیا۔

راج کپور

بھارتی فلم انڈسٹری میں کپور خاندان کو متعارف کروانے والے پرتھوی راج کپور کے بیٹے راج کپور بھی پشاور میں پیدا ہوئے، حیرت انگیز طور پر راج کپور، دلیپ کمار اور شاہ رخ خان کا تعلق ایک ہی محلے قصہ خوانی بازار سے تھا۔ آج بھی بہت سے لوگ اس بازار کو ان مشہور بالی ووڈ اداکاروں کے ناموں سے پہچانتے ہیں۔کپور خاندان کے دیگر افراد جنہوں نے بالی ووڈ میں کام کیا ہے یا کر رہے ہیں ان میں رشی کپور، رنبیر کپور، کرشمہ کپور اور کرینہ کپور شامل ہیں۔

ونود کھنہ

ونود کھنہ بالی ووڈ کے خوبصورت اداکاروں میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ونود کی جڑیں بھی پشاور سے جڑی ہوئی ہیں۔ وہ پشاور کے ضلع صدر میں پیدا ہوئے۔ ونود کے والد مہر چند کھنہ پشاور کے ایک امیر شخص تھے لیکن وہ 1947 میں ہندوستان ہجرت کر گئے۔ ونود کھنہ کے بیٹے اکشے کھنہ بھی بالی ووڈ کے مشہور اداکار ہیں۔

انیل کپور

پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک اور مشہور بالی ووڈ اداکار انیل کپور ہیں جو پروڈیوسر بونی کپور کے بھائی بھی ہیں۔ وہ بھارتی فلم پروڈیوسر سریندر کپور کے بیٹے ہیں جو پشاور میں میں پیدا ہوئے۔ سریندر پرتھوی راج کپور کے کزن بھی تھے۔ انیل کپور کے علاوہ کپور خاندان کے کئی افراد بالی ووڈ میں ہیں جن میں سونم کپور، ارجن کپور اور جھانوی کپور شامل ہیں۔

امجد خان

گبر سنگھ کے کردار سے عالمی شہرت پانے والے امجد خان بھی پشاور میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق ایک افغانی پشتون خاندان سے تھا۔ اس کے باوجود پاکستان میں ان کا وقت بہت کم گزرا کیونکہ قیاس یہ ہے کہ وہ اداکار بننے کے لیے بھارت ہجرت کر گئے تھے۔ بالی ووڈ انڈسٹری میں اپنا نام بنانے سے پہلے امجد نے تھیٹر اداکاری بھی کی۔

مدھوبالا

بھارتی فلم انڈسٹری میں مدھوبالا کے نام سے شہرت پانے والی اداکارہ کا تعلق بھی پشاور سے تھا، مدھوبالا کا اصل نام ممتاز جہاں بیگم تھا۔ ان کے والد عطاء اللہ خان انگریزوں کے ساتھ پشاور میں امپیریل ٹوبیکو کمپنی میں کام کرتے تھے تاہم انہوں نے اپنی ملازمت کھونے اور اپنے خاندان کے ساتھ بھارت ہجرت کرنے کے بعد پشاور سے تعلقات منقطع کر لیے۔ بھارت میں ممتاز بیگم نے بطور اداکارہ اپنے سفر کا آغاز کیا اور سلور اسکرین پر اسٹار بن گئیں۔

شاہ رخ خان

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان پشاور سے تعلق رکھنے والے بالی ووڈ کے بڑے اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ شاہ رخ خان کو فلموں میں اپنی اداکاری، ایکشن اور رومانس کی وجہ سے بالی ووڈ انڈسٹری میں کنگ خان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کے والد تاج محمد خان پشاور کے شہری تھے۔ شاہ رخ خان نئی دہلی میں پیدا ہوئے لیکن وہ ایک بار اپنے والد کے ساتھ اپنے رشتہ داروں سے ملنے پشاوربھی آئے تھے۔

اگرچہ ان اداکاروں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں بالی ووڈ اسٹارز کے طور پر اپنا کیرئیر بنایا لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنے آبائی مقام پشاور کے لیے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور پشاور سے اپنے تعلق کو ہمیشہ فخریہ انداز میں بیان کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More