خدیجہ شاہ کی گرفتاری، پاکستانی حکام سے قونصلر رسائی مانگی ہے: امریکہ

اردو نیوز  |  Jun 07, 2023

امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ملزمہ خدیجہ شاہ کے کیس میں پاکستان سے قونصلر رسائی مانگی گئی ہے۔

بدھ کو امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’خدیجہ شاہ کے کیس کو فالو کر رہے ہیں اور پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’خدیجہ شاہ دوہری شہریت رکھتی ہیں اور ہم ان کے معاملے پر براہ راست پاکستان کی حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔‘ 

واضح رہے فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی نواسی، سابق وفاقی وزیر سلمان شاہ کی بیٹی، پاکستان تحریک انصاف کی سپورٹر اور دوہری شہریت کی حامل ہیں۔ ان کو نو مئی کو لاہور میں کور کمانڈر کے گھر پر حملے کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

ویدانت پٹیل کے مطابق ’ہم بیرونی ممالک کی حکومتوں پر ہمیشہ زور دیتے آئے ہیں کہ جب بھی کسی امریکہ شہری کو حراست میں لیا جائے تو امریکی حکام کو اس تک قونصلر رسائی دی جائے۔‘

خدیجہ شاہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے الزام کے تحت حراست میں ہیں (فوٹو: سکرین شاٹ)ویدانت پٹیل سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے پاس ایسے امریکی شہریوں کی تعداد کے حوالے سے معلومات موجود ہیں جن کو عمران خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے گرفتار کیا گیا ہے؟اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’میرے پاس کوئی خصوصی اعدادوشمار موجود نہیں ہیں تاہم میں ان کو چیک کروں گا۔

’یقیناً ایسے حالات جو کسی کے ذاتی تحفظات پر مشتمل ہوں ہمیں ان کا پھر سے جائزہ لینا پڑے گا۔‘

خیال رہے نو مئی کو لاہور میں کور کمانڈر کے گھر پر حملے کے بعد خدیجہ شاہ پولیس کو مطلوب تھیں تاہم وہ کئی روز تک روپوش رہیں اور بعدازاں ان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More