حکومت ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کے لئے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے ، وزیراعظم کاملیریا کے عالمی دن پر پیغام

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے اور ملیریا کی روک تھام کے لئے بارے میں آگہی اور باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے، بھرپور سیاسی عزم ، حکمت عملی اور مناسب سرمایہ کاری کے ذریعے ہم ملیریا سے پاک دنیا کا مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔

جمعرات کوملیریا کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ملیریا کا عالمی دن منانے میں پاکستان باقی دنیا کے ساتھ شامل ہے۔اس سال ملیریا کے عالمی دن 2024 کے موضوع کے عین مطابق ملیریا کے خلاف جنگ میں تمام سٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں، ڈونرز، ہیلتھ کیئر سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملیریا کے خلاف جنگ میں شامل ہونا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملیریا ہر سال 10 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو متاثر کرتا ہے ،حکومت پاکستان ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کے لئے مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے ،ہر ایک فرد کو ملیریا کی معیاری جانچ اور علاج کی مفت سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزارت قومی صحت نے کامن مینجمنٹ یونٹ ملیریا، قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں، صوبائی ہم منصبوں، این جی اوز اور نجی سٹیک ہولڈرز کے ذریعے ملک بھر میں ملیریا کی مفت جانچ اور علاج کی سہولیات میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ہم نجی شعبے اور اپنے عالمی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے اور ملیریا کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں آگہی کے فروغ کے لئے باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھرپور سیاسی عزم،حکمت عملی اور مناسب سرمایہ کاری کی بدولت ہم ملیریا سے پاک دنیا کا اپنا مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More