بھارت پر برتری۔۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی ! سرمایہ داروں کا اعتماد بحال

ہماری ویب  |  May 12, 2025

پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور سیز فائر کے اعلان کے بعد پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں۔ پیر کے روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی واضح طور پر دیکھی گئی۔

مارکیٹ کھلتے ہی 100 انڈیکس میں غیرمعمولی 9,900 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 117,100 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا۔ یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے اس اعتماد کی عکاسی کرتا ہے جو انہوں نے سیز فائر کے بعد ملکی حالات میں بہتری کی امید پر ظاہر کیا۔ واضح رہے کہ جمعے کو مارکیٹ 107,174 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

کاروباری سرگرمیوں میں بحالی

سیاسی اور سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں تناؤ کم ہوتا رہا تو یہ مثبت رجحان آئندہ دنوں میں مزید مضبوط ہو سکتا ہے، جو معیشت کے استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔

کرنسی مارکیٹ میں بھی بہتری

اسٹاک مارکیٹ کے ساتھ ساتھ کرنسی مارکیٹ میں بھی مثبت اشارے سامنے آئے ہیں۔ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 30 پیسے کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد ڈالر 281.40 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔ فاریکس ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں یہ بہتری اسٹیٹ بینک کی پالیسی، درآمدات میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافے کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر سیاسی استحکام برقرار رہا اور سیکیورٹی صورتحال مزید بہتر ہوئی تو پاکستان کی معیشت آئندہ ہفتوں میں مزید مثبت اشاریے دکھا سکتی ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد، اسٹاک مارکیٹ کی بہتری اور کرنسی کی قدر میں استحکام ایک متوازن معاشی ترقی کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More