جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی

اردو نیوز  |  Jun 16, 2025

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

سنیچر کو لارڈز کے تاریخی سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے 282 رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

ایڈن مارکرم نے میچ کی چوتھی اننگز میں فائٹنگ سنچری بنا کر جنوبی افریقہ کی فتح میں اہم کرادر ادا کیا۔

یاد رہے کہ یہ پہلا ایسا موقع ہے جب جنوبی افریقہ نے آئی سی سی کا کوئی بھی میگا ایونٹ اپنے نام کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم نے 136 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ 

ان کے علاوہ کپتان ٹمبا باواما نے 66، ویان ملڈر نے27 رنز بناکر نمایاں رہے۔

چوتھا روز

لارڈز کے تاریخی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز اننگز کا آغاز ہوا تو افریقی کپتان ٹمبا باوما محض ایک رنز کے اضافے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 66 رنز کی اننگز کھیلی، بعدازاں ٹرسٹن سٹبس بھی آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چوتھی وکٹ کے لیے ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ بیڈنگھم نے 35 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم مارکرم 136 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیں۔

تیسرا روز

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے تیسرے روز آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تاہم دن کے آغاز پر نتھین لائن کی پہلی وکٹ گری، جو محض دو رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔

جوش ہیزل ووڈ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ مچل سٹارک 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کینگروز نے جنوبی افریقہ کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیگیسو ربادا اور ایڈن مارکرم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تیسرے روز آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا (فوٹو: گیٹی)

تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے جبکہ کھیل کے اختتام پر ایڈن مارکرم 102 جبکہ کپتان ٹیمبا باوما 65 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان رکلٹن چھ اور وائن مولڈر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کے دونوں کھلاڑی مچل سٹارک کا شکار بنے۔

دوسرا روز

جنوبی افریقہ نے 43 رنز چار وکٹوں کے نقصان سے دوسرے روز کا آغاز کیا۔ کپتان باوما اور ڈیوڈ بیڈنگھم نے 63 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم 94 کے مجموعی سکور پر افریقی کپتان 36 بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان کی وکٹ کے بعد جنوبی افریقہ کی پانچ وکٹیں 44 رنز کے اضافے کے ساتھ گر گئیں اور پوری ٹیم 138 پر پویلین لوٹ گئی۔

ڈیوڈ بیڈنگھم 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کائل ویرائن 13، کیشو مہاراج سات، کیگیسو رباڈا ایک اور مارکو جینسن صفر کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے 28 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ لارڈز کے میدان میں کسی بھی کپتان کے اب تک کے سب سے بہترین فیگرز ہیں۔

مچل سٹارک نے دو اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے 74 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا (فوٹو: گیٹی)

آسٹریلیا نے 74 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا لیکن دن کے اختتام پر 144 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوا بیٹھی۔ ٹیم کی مجموعی برتری 218 رنز تک پہنچ گئی ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس کیرے 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مارنس لبوشین 22، سٹیون اسمتھ 13، بیو ویبسٹر نو، ٹریوس ہیڈ نو، کپتان پیٹ کمنز چھ، عثمان خواجہ چھ اور کیمرون گرین صفر کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹے۔

مچل سٹارک 16 اور نیتھن لائن ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پروٹیز کی جانب سے لُنگی اینگیڈی اور کیگیسو رباڈا نے تین، تین جبکہ وائن مُلڈر اور مارکو جینسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلا روزلارڈز میں بدھ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے پہلے دن دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے 212 رنز پر آل آؤٹ ہونے کے بعد مچل سٹارک کی شاندار بولنگ کی بدولت کھیل میں زبردست واپسی کی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے اوور کاسٹ اور بولرز کے لیے سازگار حالات میں ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کے بعد آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 212 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ کیسو ربادا نے 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

لیکن دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ بھی مشکلات کا شکار ہو گیا، جب اس نے صرف 43 رنز پر اپنی 4 وکٹیں گنوا دیں، اور اب بھی وہ 169 رنز کے خسارے میں ہے۔

چونکہ دونوں ٹیموں کی پیس بولنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے، اس لیے سب سے بڑا سوال یہی تھا کہ کون سی ٹیم بورڈ پر کافی رنز سجا سکتی ہے۔

پہلے دن دفاعی چیمپئن آسٹریلیا 212 رنز پر آؤٹ ہوئی (فوٹو: گیٹی)

جب مچل اسٹارک نے ایڈن مارکرم کو صفر پر بولڈ کیا اور پھر ریان رکلٹن (16) کو آؤٹ کیا، تو آسٹریلیا کا سکور کافی بہتر محسوس ہونے لگا۔ اس وقت جنوبی افریقہ کا سکور صرف 19-2 تھا۔

نئے بلے باز ویان مولڈر کو صرف ایک رن پر موقع ملا جب وکٹ کیپر ایلکس کیری نے سٹارک کی گیند پر آسان کیچ چھوڑ دیا۔

لیکن مولڈر صرف پانچ مزید رنز ہی بنا سکے، اور آخرکار آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے انہیں بولڈ کر دیا۔

 انہوں نے 44 گیندوں پر صرف 6 رنز بنائے۔

کپتان باووما کو اپنی پہلی رن بنانے کے لیے 31 گیندوں کھیلنے تک انتظار کرنا پڑا، جو انہوں نے جوش ہیزل ووڈ کے خلاف دو رنز لے کر مکمل کیے۔

تاہم، دن کے اختتام سے کچھ دیر قبل، ہیزل ووڈ نے ٹرسٹن سٹبز کو بھی بولڈ کر دیا۔

ڈیوڈ بیڈنگھم نے پیٹ کمنز کے خلاف لگاتار دو چوکے مار کر دن کا کھیل ختم کیا، وہ 8 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ باووما 3 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کا سکواڈ

اس میچ میں کپتان ٹمبا باوما، ایڈن مارکرم، ریان رکلیٹن، ویان مولڈر، ٹرسٹن سٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور این لونگی جنوبی افریقہ کے سکواڈ کا حصہ تھے۔

آسٹریلیا کا سکواڈ

اس میچ میں کپتان پیٹ کمنز، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشن، کیمرون گرین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، ایلکس کیری، مچل سٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ آسٹریلیا کے سکواڈ کا حصہ تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More