ملک کے بعض علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی میں کمی آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج کے علاوہ اگلے چار روز کے موسم کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔
آج علی الصبح اسلام آباد کے چند علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جبکہ راولپنڈی اور دوسرے قریبی علاقوں میں موسم ابر الود رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں ملک کے بیشتر حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بیشتر علاقوں کو متاثر کر رہا ہے۔
آج اسلام آباد کے علاوہ خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں اور جنوب مشرقی سندھ کے کچھ مقامات پر بھی موسلادھار اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح کل ملک کے بیشتر علاقوں کا موسم گرم ہونے کے ساتھ ساتھ شدید حبس کا امکان ہے، تاہم کشمیر، خیبر پختونخوا، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل 30 جون کو شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)
یکم جولائی کو اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے جبکہ ان کے علاوہ دیگر علاقوں کا موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا۔
دو جولائی کو اسلام آباد کے علاوہ بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، دیگر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق تین جولائی کو اسلام آباد، پنجاب، جنوب مشرقی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں زیادہ تر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ دوسرے علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔