لیاری میں عمارت زمین بوس۔۔ کتنا نقصان ہوا؟

ہماری ویب  |  Jul 04, 2025

کراچی کے اولڈ سٹی ایریا لیاری میں عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 7 افراد جاں بحق جبکہ اب تک 8 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔

لیاری کے علاقے بغدادی میں النوید ہوٹل کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع پر 1122 کا عملہ، اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم، ایمبولینس اور ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔

حادثے کی اطلاع پر ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا کا عملہ بھی پہنچ چکا ہے۔

ابتدائی طور پر 3 خواتین سمیت 5 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت 50 سالہ فاطمہ زوجہ بابو، 35 سالہ چندا زوجہ جمعہ خان، 35 سالہ سنتیا زوجہ چیتن، 25 سالہ راشد ولد عزیز، 45 سالہ یوسف ولد سبحان کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ایک لاش بھی اسپتال پہنچائی گئی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔ امدادی کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

قائم مقام ڈائریکٹر جنرل، ریسکیو 1122 ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ کا کہنا ہے کہ بغدادی میں عمارت منہدم ہونے کے واقعہ میں اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمیوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 بج کر 53 منٹ پر سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 سندھ کو اطلاع موصول ہوئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بمع ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، مجموعی طور پر ریسکیو 1122 کی 5 ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل، 2 اسنارکل اور متعدد ایمبولینس جائے وقوعہ پر موجود ہیں، متعلقہ اداروں سے رابطہ قائم کرکے کرینز اور لفٹر جائے وقوعہ پر پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کے تمام عملے کو جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔

100 سے زائد ریسکیو 1122 کے اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل امداد فراہم کی جاسکے۔ لوگوں کا بے ہنگم ہجوم، جگہ جگہ راستے بلاک اور نیٹ ورک جام ہونے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر عابد جلال الدین شیخ کا کہنا تھا کہ اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمیوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے، ملبے سے مز ید افراد نکالنے کا عمل تاحال جاری ہے اور سین کلیئر ہونے تک کاروائی جاری رکھی جائے۔

عمارت گرنے کے واقعے میں زخمی فاطمہ نامی خاتون سول اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی، اسپتال ذرائع کے مطابق عمارت گرنے کے واقعے میں جاں بحق ہونےوالے 5 افراد کی میتیں موجود ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حور بائی، وسیم، پریم اور 21 سالہ پرانتک کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ سول اسپتال میں لیاری عمارت متاثرین کی 5 لاشیں موجود ہیں جن میں سے 4 افراد کو مردہ حالت میں سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ ایک خاتون دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئیں، اس کے علاوہ اب تک 5 سے زائد زخمیوں کو بھی سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی افراد کے جسم پر مختلف نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔

لیاری میں گرنے والی پانچ منزلہ عمارت کی مالکن خاتون کے بھتیجے نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمارت کے ہر فلور پر 3 پورشن تھے، جب بھی یہاں آنا ہوا عمارت لوگوں سے بھری ہوئی ہوتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد چوتھی منزل پر رہتے تھے، خاتون کو تشویش ناک حالت میں نکالا گیا ہے اور ان کا بیٹا انتقال کرگیا جبکہ 3 رشتہ دار اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More