لاہور کے علاقے ہنجروال میں مبینہ طور پر مضر صحت دہی بھلے کھانے کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ مزدور کھانے کے بعد اچانک بے ہوش ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دو افراد دم توڑ گئے جبکہ تیسرا مزدور تشویشناک حالت میں جناح اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت ارشد اور سجاد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ سے دہی بھلے اور دیگر کھانے کے نمونے حاصل کرکے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حوالے کر دیے گئے ہیں تاکہ فرانزک جانچ کے بعد اصل وجہ سامنے لائی جاسکے۔
دوسری طرف جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں، یہ سب کچھ اللہ کی رضا سے ہوا ہے اور وہ کسی کے خلاف قانونی چارہ جوئی نہیں چاہتے۔ ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بغیر میتیں ان کے حوالے کی جائیں۔