بالی وڈ کی سپرسٹار، اداکارہ دپیکا پاڈوکون نے حال ہی میں فلم انڈسٹری میں کام کے ماحول اور خواتین کے ساتھ سلوک روا رکھے جانے والے رویے پر کُھل کر بات کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مرد اداکار برسوں سے آٹھ گھنٹے کی شفٹ میں کام کر رہے ہیں لیکن جب ایک خاتون اداکارہ یہی مطالبہ کرتی ہے تو اسے متنازع بنا دیا جاتا ہے۔
اداکارہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ان کی ’سپرٹ‘ اور ’کالکی 2898 اے ڈی‘ سے علیحدہ ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں، یہ فلمیں مستقبل قریب میں ریلیز ہوں گی۔
اس علیحدگی کی وجہ یہ بتائی گئی کہ دپیکا پاڈوکون نے پروڈیوسرز سے روزانہ آٹھ گھنٹے کام کرنے کا مطالبہ کیا تھا جو انہیں منظور نہیں تھا۔
بروٹ انڈیا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں دپیکا پاڈوکون نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مطالبہ کسی بھی طرح سے غیرمنصفانہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں سمجھتی کہ میرا آٹھ گھنٹے کی شفٹ کا مطالبہ کوئی غیر معمولی بات ہے۔ صرف وہی لوگ اس کو سمجھ سکتے ہیں جو اس نظام میں کام کر چکے ہوں۔ جب مجھ جیسی ایک بڑی اداکارہ کے ساتھ یہ سلوک کیا جا رہا ہے، تو آپ خود سوچیں کہ عملے کیسا برتاؤ ہو گا۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس مطالبے کی وجہ سے انہیں ’ڈیفیکلٹ سٹار‘ سمجھا جائے گا تو دپیکا نے مرد اداکاروں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’میں پہلی اداکارہ نہیں ہوں جس نے یہ مطالبہ کیا ہو، کئی مرد اداکار برسوں سے آٹھ گھنٹے کی شفٹ میں کام کر رہے ہیں، مگر کبھی ان سے متعلق خبر نہیں بنی۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایسا خاتون ہونے کی وجہ سے ہے تو اداکارہ نے کہا کہ ’میں نہیں جانتی کہ یہ صنفی مسئلہ ہے یا نہیں، لیکن اتنا ضرور کہوں گی کہ میں اچھے ورک سپیس، کام اور زندگی کے توازن کی حمایت کرتی ہوں۔ اگر کسی کو یہ شرائط قبول نہیں، تو ہم ایک ساتھ کام کرنے کے پابند بھی نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر میرے عورت ہونے کی وجہ سے یہ بات زِیادہ مطالبہ لگتی ہے، تو ٹھیک ہے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ انڈسٹری کے بڑے مرد اداکار کئی برسوں سے پیر سے جمعہ، روزانہ آٹھ گھنٹے کام کرتے ہیں اور ہفتے کے آخر میں آرام کرتے ہیں۔‘
اسی دوران دپیکا پاڈوکون نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی اگلی فلم ’کنگ‘ کا اعلان بھی کیا۔ فلم ’کنگ‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں اور اس کی کاسٹ میں شاہ رخ خان، ان کی بیٹی سہانا خان اور ابھیشیک بچن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ دپیکا پاڈوکون ساؤتھ انڈین سُپرسٹار الو ارجن کے ساتھ فلم ساز ایٹلی کی نئی فلم میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔