میری زندگی کا سفر شاہ رخ خان سے زیادہ مشکل تھا: کنگنا رناوت

اردو نیوز  |  Oct 14, 2025

ہر کسی کو اپنی زندگی کے سفر پر فخر کرنے کا حق حاصل ہے، اور اس معاملے میں کنگنا رناوت بھی کسی سے مختلف نہیں۔ لیکن وہ اپنے خیالات کا اظہار جتنے دوٹوک انداز میں کرتی ہیں، وہ کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق حال ہی میں نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے اپنی شہرت سے لے کر سیاست کے سفر تک کی جدوجہد کو بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان سے بھی زیادہ کٹھن قرار دیا۔

بظاہر یہ ایک ذاتی رائے ہو سکتی ہے، لیکن کنگنا نے اپنی بات کو دیہی اور شہری پس منظر کے فرق سے جوڑتے ہوئے یہاں تک کہا کہ کانونٹ سکول کی تعلیم بھی ایک بڑا فیکٹر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرا تعلق ایک ایسے گاؤں سے ہے جس کا کسی نے نام بھی نہیں سنا ہو گا، بھملا۔ آپ شاہ رخ خان کی بات کرتے ہیں، ان کا تعلق دہلی سے ہے، وہ کانونٹ سے پڑھے ہیں۔ مرکزی دھارے میں آ کر اتنی کامیابی حاصل کرنے والی شاید میں پہلی ہوں جو ایک گاؤں سے آئی ہو۔‘

کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ ’شاید بہت سے لوگ میرے تجزیے سے اختلاف کریں، لیکن میں سچائی کے معاملے پر نہ صرف دوسروں بلکہ خود سے بھی ایماندار رہتی ہوں، اور مجھے اس پر یقین ہے۔‘

تاہم سوشل میڈیا پر کنگنا کی یہ باتیں عوام کو کچھ خاص پسند نہ آئیں۔ ان کے بیانات نے نہ صرف ناقدین بلکہ ان کے مداحوں کو بھی حیران کر دیا۔

سوشل میڈیا پر کنگنا رناوت کی یہ باتیں عوام کو کچھ خاص پسند نہ آئیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’شاہ رخ خان کا نام لینا ہی ظاہر کرتا ہے کہ وہ انہیں کمتر دکھانا چاہتی ہیں تاکہ خود کو بڑا ثابت کر سکیں۔ بہتر ہے کہ کنگنا کا دفاع نہ کیا جائے۔‘

ایک اور کمنٹ تھا کہ ’ان کے والدین نے انہیں چندی گڑھ کے ڈی اے وی سکول میں سائنس پڑھنے بھیجا تھا، یہ بات پرانے اخبارات میں چھپی ہوئی ہے جب وہ سچ بولا کرتی تھیں۔‘

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’ایک ایسی اداکارہ کو خود کو شرمندہ کرنے کی ضرورت نہیں، ان کے ناظرین خود بول سکتے ہیں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More