’فرینڈ شپ ناٹ آؤٹ‘: ’سری لنکا کی طرح اور کوئی ملک اِس ثابت قدمی سے پاکستان کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا‘

بی بی سی اردو  |  Nov 13, 2025

’فرینڈ شپ ناٹ آؤٹ۔۔۔‘

آج صبح جیسے ہی میں نے سوشل میڈیا پر سکرولنگ شروع کی تو ہر طرف پاکستانی صارفین سری لنکا کا شکریہ ادا کرتے اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے گُن گاتے نظر آئے۔

سابق پاکستانی کرکٹرز ہوں، شائقین کرکٹ یا حکومتی وزرا اور عہدیدار سب ہی مختلف ہیش ٹیگز کے تحت شکر گزاری پر مبنی جملے اور الفاظ کہتے نظر آئے۔

اور اس کی وجہ یہ ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بدھ کو رات گئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے دورے پر موجود اُن کی قومی ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث وطن واپسی کی درخواست کی تھی تاہم بورڈ نے ٹیم کو دورہِ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی یا آفیشل سکیورٹی وجوہات کے بنا پر پاکستان سے واپس جاتا ہے تو سری لنکن بورڈ فی الفور اس کا متبادل پاکستان روانہ کر دے گا۔

واضح رہے کہ منگل کے روز پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ کے باہر ایک خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوئے ہیں اور اس حملے کے چند ہی گھنٹوں بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا۔

11 نومبر کو کھیلا گیا یہ میچ پاکستان نے چھ رنز سے جیت لیا تھا تاہم اس ابتدائی ون ڈے میچ کے اگلے ہی روز پاکستان میں سرکاری حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی پاکستان میں تعینات سری لنکن سفیر سے ملاقات ہوئی، جس میں مہمان کرکٹ ٹیم کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

سرکاری میڈیا سے اس میٹنگ کی خبر جاری ہونے کے بعد چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو گذشتہ رات تک جاری رہا اور اس کا اختتام بلآخر پی سی بی اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے ان اعلامیوں پر ہوا کہ سری لنکن ٹیم اپنا دورہ پاکستان جاری رکھے گی۔

تاہم پی سی بی کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ سری لنکا کے ساتھ جاری ون ڈے سیریز کے باقی دو میچوں کا شیڈول اب تبدیل کر دیا گیا ہے اور یہ میچ اب بالترتیب 14 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے اور اس کے بعد 18 نومبر سے شروع ہونے والی ٹرائی نیشن سریز کے تمام میچ راولپنڈی میں ہوں گے۔

یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز میں حصہ لینے والی تیسری ٹیم یعنی زمبابوے کے کھلاڑی آج (جمعرات کی صبح) پاکستان پہنچے ہیں۔

لیکن یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب کسی ملک نے پاکستان یا کسی اور ملک میں کرکٹ کھیلنے پر سکیورٹی خدشات ظاہر کیے ہوں۔ اس بارے میں تفصیلات بعد میں لیکن پہلے یہ جان لیتے ہیں کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کیا کہا؟

’چند کھلاڑیوں نے واپسی کی درخواست کی تھی‘

https://twitter.com/PTVSp0rts/status/1988676372315984171

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے دورے پر موجود ان کی ٹیم کے چند کھلاڑیوں نے سکیورٹی خدشات کے باعث وطن واپسی کی درخواست کی تھی تاہم بورڈ نے ٹیم کو دورہِ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بدھ کی صبح ٹیم مینجمنٹ نے بورڈ کو آگاہ کیا کہ کھلاڑیوں کے ایک گروپ نے پاکستان میں قیام کے دوران اپنی حفاظت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔

اس اطلاع کے بعد سری لنکا کرکٹ نے فوری طور پر کھلاڑیوں سے رابطہ کیا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور تمام حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ دورہ کرنے والے ہر رُکن کی مکمل سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

بیان کے مطابق، سری لنکا کرکٹ نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور مینجمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ دورہ پاکستان کو طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رکھیں۔

البتہ اگر کوئی کھلاڑی یا ٹیم کا رکن بورڈ کی ہدایت کے باوجود وطن واپس جانے کا فیصلہ کرتا ہے تو سری لنکا کرکٹ فوری طور پر متبادل کھلاڑی پاکستان بھیجے گا تاکہ سیریز کا تسلسل متاثر نہ ہو۔

مزید یہ کہ اگر کوئی کھلاڑی یا سپورٹ سٹاف بورڈ کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے واپس جاتا ہے، تو ان کے عمل کا باضابطہ جائزہ لیا جائے گا اور اس جائزے کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔

پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ اور کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وہ سری لنکن ٹیم کے دورہِ پاکستان جاری رکھنے کے فیصلے پر شکر گزار ہیں۔

انھوں نے ایکس پر لکھا کہ ’یہی اصل سپورٹس مین سپرٹ اور باہمی یکجہتی کی خوبصورت مثال ہے۔‘

محسن نقوی کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باقی ون ڈے میچز 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل یہ میچز 13 اور 15 نومبر کو شیڈول تھے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1988739214792618136

’فرینڈ شپ ناٹ آؤٹ‘Getty Images

پاکستان کے سوشل میڈیا پر صارفین سری لنکن کرکٹ بورڈ کے فیصلے کا خیر مقدم کر رہے ہیں، جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ ہیش ٹیگ ’فرینڈ شپ ناٹ آؤٹ‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ’فرینڈ شپ ناٹ آؤٹ‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’کرکٹ کے ساتھ کھڑے ہونے اور دہشت گردی کو شکست دینے پر سری لنکا کی ٹیم کا شکریہ۔۔۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے لکھا کہ ’سری لنکن کرکٹ بورڈ کو جنتا ویمکتھی پیرامونا (جے وی پی) کی بغاوتوں کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ یاد ہو گی، خاص طور پر (سری لنکا میں) سنہ 1987 سے 1990 کے پُرتشدد واقعات اور بم دھماکوں کے درمیان۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’سری لنکا کے کرکٹ حکام اور حکومت کی جانب سے کرکٹ کو دہشتگردوں کے خلاف دفاع کی علامت کے طور پر استعمال کرنا ایک شعوری اور دلیرانہ فیصلہ تھا۔ (پاکستان میں) بم دھماکے کے بعد جاری رہنے والے کرکٹ میچ کا نظارہ طاقتور پیغام تھا کہ قوم کے جذبے کو دہشت زدہ نہیں کیا جائے گا۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان اور اس کا کرکٹ بورڈ اِس وقت بالکل ایسا ہی محسوس کر رہے ہیں اور اسی لیے کرکٹ کو جاری رہنا چاہیے۔‘

سابق پاکستان وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے اپنی طویل پوسٹ میں اُس وقت کو یاد کیا جب سری لنکا میں سکیورٹی کے انتہائی بُرے حالات کے بیچ بھی پاکستان نے وہاں کرکٹ کھیلنا جاری رکھی۔

راشد لطیف نے لکھا کہ ’1994 میں جب ہم تین ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچ کھیلنے سری لنکا گئے تو سری لنکا کے حالات اچھے نہیں تھے۔ تامل ٹائیگرز کے ساتھ کئی جھڑپیں ہوئیں۔ کولمبو میں دو ٹیسٹ میچوں کے بعد دھماکہ ہوا، شہر میں کرفیو لگا دیا گیا، جس کے باعث تیسرا ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا۔ نامساعد حالات کے باوجود پاکستانی ٹیم کولمبو میں موجود رہی اور پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلے کو کھلاڑیوں کی جانب سے انتہائی سنجیدگی سے لیا گیا۔‘

’منسوخ شدہ ٹیسٹ کی جگہ دو ایک روزہ میچوں کا اضافہ کیا گیا، جس سے یہ مجموعی طور پر پانچ میچ بن گئے۔ پاکستان نے ٹیسٹ سیریز 0-2 اور ون ڈے سیریز 1-4 سے جیتی۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’جنوری 1996 میں سری لنکا کی صورتحال ایک بار پھر سنگین بم دھماکوں، خودکش حملوں اور کرفیو کے ساتھ خانہ جنگی کی طرح تھی۔ 1996 کا ورلڈ کپ انڈیا، پاکستان اور سری لنکا میں ہونا تھا۔ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا نے سری لنکا جانے سے انکار کر دیا۔ یہ ایک مشکل وقت تھا، جس نے پاکستان اور انڈیا کو ایک مشترکہ ٹیم بنانے اور اسے کولمبو بھیجنے پر مجبور کیا۔‘

’ٹیم میں اظہرالدین، سچن ٹنڈولکر، سعید انور، وسیم اکرم، انیل کمبلے، راشد لطیف، وقار یونس، اجے جدیجہ، اعجاز احمد، اور عامر سہیل شامل تھے۔ اس وقت اُن کے وزیر اعظم بندرانائیکے تھے۔ میچ کے بعد کپتان رانا ٹنگا نے تقریر کی، اس دوران وہ جذباتی ہو گئے اور دونوں ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ سری لنکا نے لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کا فائنل جیتا اور بینظیر بھٹو نے رانا ٹنگا کو ٹرافی پیش کی۔‘

اپنی طویل پوسٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’تین مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملہ ہوا جس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے اور پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں کھیلنا شروع کر دیا۔‘

’ایک بار پھر جب دھماکہ ہوا تو سری لنکن ٹیم اسلام آباد میں تھی۔ کچھ کھلاڑیوں نے اپنی انتظامیہ سے واپسی کی درخواست کی جس سے پی سی بی کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت نے فوری طور پر اپنے سفارتی تعلقات بروئے کار لاتے ہوئے سری لنکن بورڈ کی انتظامیہ اور ہائی کمیشن سے ملاقات کی جس کے نتیجے میں سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم دورہ مکمل کرے گی۔‘

صارف بہرام قاضی نے لکھا کہ سری لنکا کی طرح کوئی بھی اور کرکٹ ملک اس ثابت قدمی کے ساتھ پاکستان کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔

لاریب نامی صارف نے لکھا کہ ’سری لنکن کرکٹ بورڈ کا دورہ پاکستان جاری رکھنے کا فیصلہ، صرف کرکٹ فیصلہ نہیں بلکہ دو قوموں کے درمیان دوستی اور اعتماد کا خوبصورت استعارہ ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’یہ میدان امن کا ہے، جہاں دہشتگردی ہمیشہ بولڈ آؤٹ اور محبت ہمیشہ ناٹ آؤٹ رہتی ہے۔‘

اس ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ کھیل سے بڑھ کر حوصلے، اعتماد اور دوستی کی علامت ہے۔ آپ نے دنیا کو دکھا دیا کہ دہشتگردی نفرت پھیلاتی ہے مگر کرکٹ دلوں کو جوڑتی ہے۔‘

’پاکستان آپ کے جذبہ، بہادری اور کھیل سے محبت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، یہ رشتہ دوستی اور سپورٹس مین سپرٹ ہمیشہ قائم رہے گی۔‘

ماضی میں سکیورٹی خدشات پر منسوخ ہونے والے میچز

سنہ 1996 کے ورلڈ کپ میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے مغربی ٹیموں نے سری لنکا جانے سے معذرت کی تھی تو جن ممالک نے اپنے کھلاڑیوں کو کولمبو بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا اس میں پاکستان شامل تھا۔

لیکن پھر سنہ 2009 میں سری لنکن ٹیم کے ساتھ پاکستان کی سرزمین پر ایک ایسا واقعہ ہوا، جس نے پاکستان کے کرکٹ گراؤنڈز کو دہائیوں تک کسی بھی بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی سے محروم کر دیا۔

تین مارچ 2009 کو سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے شہر لاہور میں موجود تھی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن شروع ہونا تھا جب مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے 12 شدت پسندوں نے مہمان کرکٹ ٹیم پر حملہ کر دیا۔

اس واقعے میں سری لنکن ٹیم کی حفاظت پر مامور چھ پولیس اہلکار اور ایک ڈرائیور ہلاک ہوئے تھے۔ سری لنکا کے کرکٹ حکام کے مطابق زخمی ہونے والے اُن کے کھلاڑیوں میں سمرا وِیرا، اجنتا مینڈس، کمارا سنگاکارا اورتھرنگا پرانا وتھانا شامل تھے۔

اسی طرح سنہ 1987 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے دورے پر تھی لیکن پہلے ٹیسٹ کے بعد کولمبو میں ہونے والے بم دھماکے میں 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد اس نے یہ دورہ ختم کر دیا تھا۔

سنہ 1992 میں نیوزی لینڈ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں نے کولمبو میں ٹیم ہوٹل کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے بعد سری لنکا کا دورہ جاری رکھنے سے انکار کر دیا تھا اور وطن واپس چلے گئی تھی۔ ان میں مارک گریٹ بیچ، گیون لارسن، راڈ لیتھم، ولی واٹسن اور کوچ وارن لیز شامل تھے۔

سنہ 2001 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے دورے پر روانہ ہوئی اور وہ ابھی سنگاپور پہنچی تھی کہ نائن الیون کا واقعہ رونما ہو گیا اور وہ وہیں سے وطن واپس روانہ ہو گئی۔

سنہ 2002 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ کھیلنے کے لیے اپنے ہوٹل سے سٹیڈیم کے لیے روانہ ہونے والی تھی کہ اس دوران فرانسیسی انجینئرز کی خودکش حملے میں ہلاکت کے واقعے نے اسے دورہ ختم کر کے وطن واپس جانے پر مجبور کر دیا تھا۔

اسی طرح ستمبر 2021 میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے پاکستان میں سکیورٹی خدشات کو بنیاد پر بنا کر دورۂ پاکستان ختم کر دیا گیا تھا۔ راولپنڈی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والا پہلا ایک روزہ میچ آغاز سے صرف چند گھنٹے قبل ہی منسوخ کیا گیا تھا۔

’حارث رؤف میچ ونر ہیں، کبھی پاکستان کے لیے تو کبھی دوسری ٹیموں کے لیے‘آٹھ گیندوں پر آٹھ چھکے اور صرف نو منٹ میں نصف سنچری بنانے والے انڈین کھلاڑی کون ہیں؟فیصل آباد میں 17 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی: جس پچ کے بارے میں ڈینس للی نے کہا ’مر جاؤں تو مجھے اس کے نیچے دفنایا جائے‘دبئی میں نوکری چھوڑنے کے بعد پاکستانی ٹیم کا حصہ بننے والے عثمان طارق اور ان کے غیر معمولی بولنگ ایکشن کی کہانیآئی پی ایل سے موازنہ، تنازعات، ’ریلو کٹوں‘ کے طعنے اور اب دو نئی ٹیمیں: پاکستان سپر لیگ کے 10 سال کی کہانیبابر اعظم کیا واپس ’ڈرائنگ بورڈ‘ پر جائیں گے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More