’کبھی تو فینز کو ٹینشن دیے بغیر جیت جائیں‘: فہیم اشرف کی اننگز جس نے پاکستان کو نیدرلینڈز سے ’یقینی شکست‘ سے بچا لیا

بی بی سی اردو  |  Feb 07, 2026

Getty Images

’رانا رانا کرتی ہے دنیا رانے کو پرواہ نہیں۔۔ایک بار دل لگا کے دیکھو رانا بے وفا نہیں‘

یہ وہ شعر ہے جس کی پاکستان میں سوشل میڈیا پر گردان ہے۔ فہیم اشرف کے 11 گیندوں پر 29 رنز کی بدولت پاکستان، نیدر لینڈز کے ہاتھوں تقریباً یقینی شکست سے بچ گیا تو اس کے بعد ہر طرف پنجاب کے علاقے پھولنگر سے تعلق رکھنے والے رانا فہیم اشرف کے چرچے ہیں۔

تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے رانا فہیم اشرف نے پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نہ صرف فتح دلوائی بلکہ اُنھیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ایک موقع پر پاکستان کو 18 گیندوں پر 33 رنز درکار تھے اور اس کی سات وکٹیں گر چکی تھیں۔ لیکن فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی کی 20 گیندوں پر 34 رنز کی شراکت داری نے گرین شرٹس کو اپ سیٹ شکست سے بچا لیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے نیدر لینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں ایک موقع پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بنا لیے تھے۔ صاحبزادہ فرحان جارحانہ بلے بازی کر رہے تھے جبکہ دوسرے اینڈ پر بابر اعظم محتاط انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے۔

لیکن صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے لگیں۔

Getty Images

بابر اعظم 18 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عثمان خان بھی صفر پر بولڈ ہو گئے۔ شاداب خان اور محمد نواز بھی جلدی اپنی گنوا بیٹھے۔

اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان کو سنہ 2024 کے ورلڈ کپ میں امریکہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کی طرح کولمبو میں بھی اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیکن فہیم اشرف کی جارحانہ بلے بازی نے پاکستان کو اس میچ میں کامیابی دلوا دی۔

19 ویں اوور میں لانگ آف پوزیشن پر ایک فل ٹاس گیند پر فہیم اشرف کا کیچ بھی ڈراپ ہوا جو ڈچ ٹیم کے لیے بہت مہنگا ثابت ہوا۔

نیدرلینڈز کی اننگزGetty Images

اس سے پہلے نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔

سنیچر کو کولمبو کے سنہالی سپورٹس کلب گراؤنڈ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈچ ٹیم نے مثبت آغاز کیا اوپنر مائیکل لیوٹ نے پہلی ہی گیند پر چار رنز سکور کیے۔

پاکستان نے پہلی وکٹ اس وقت حاصل کی جب سلمان مرزا نے اوپنر میکس او ڈاؤڈ کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد لیوٹ آؤٹ ہوئے۔ نیدرلینڈز نے پاور پلے کے دوران 50 رنز مکمل کیے۔ تاہم، ابرار احمد نے آٹھویں اوور میں ایکرمین کو 20 رنز کے انفرادی شکور پر آؤٹ کر دیا۔

ڈچ ٹیم نے 13 ویں اوور میں 100 مکمل کیے۔ تاہم 105 کے مجموعی ربز پر ڈی لیڈے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ابرار نے دوسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے ایڈورڈز کو 37 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔

صائم ایوب نے اگلے اوور میں دباؤ بڑھایا، لوگن وین بیک کو پہلی گیند پر صفر پر آؤٹ کیا اور زیک لائن-کاشیٹ کو نو رنز پر آؤٹ کیا، جس سے نیدرلینڈز کا سکور سات وکٹوں کے نقصان پر 129 ہو گیا۔

شاہین آفریدی نے رولوف وان ڈر میروے کو چار رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ سلمان مرزا نے آخری اوور میں آریان دت کو 13 رنز اور پال وان میکرن کو صفر پر آؤٹ کر کے اننگز کا اختتام کیا۔

سلمان مرزا 3.5 اوورز میں 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Getty Imagesفہیم اشرف کی تعریفیں، بابر پر تنقید

ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو شکست سے بچانے پر سوشل میڈیا صارفین رانا فہیم اشرف کی تعریفیں کر رہے ہیں۔ وہیں بابر اعظم، عثمان خان اور مڈل آرڈر بلے بازوں کو تنقید کا سامنا ہے۔

عثمان نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم وہی کررہی ہے جو وہ ہمشیہ کرتی ہے۔ کبھی تو فینز کو ٹینشن دیے بغیر جیت جائیں۔‘

اشفاق علی نامی صارف نے لکھا کہ وہی پرانی کہانی، آسٹریلیا کو تین، صفر سے شکست دینے کے بعد پاکستان ایک چھوٹی ٹیم کی طرح کھیل رہا ہے۔

شہروز حیدر نامی صارف نے لکھا کہ نیدرلینڈز کا دل ٹوٹ گیا۔ وہ ایک تاریخی جیت کے بہت قریب تھے، لیکن ڈراپ کیچ نے نتیجہ پاکستان کے حق میں کر دیا۔

عبداللہ نامی صارف نے فہیم اشرف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے پہلے ٹی 20 گیم میں میچ کا فاتح کھلاڑی، خاص طور پر ایسی پوزیشن سے جہاں شکست تقریباً یقینی تھی۔‘

وجاہت کاظمی نامی صارف نے بابر اعظم اور عثمان خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ بابر اعظم کی حالیہ کارکردگی بہت مایوس کن ہے۔ ان کے پاکستان کے ٹی 20 سکواڈ کا حصہ بننے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ عثمان خان کو بھی 10 میں سے ایک میچ میں پرفارم کرنا ہے تو پھر ان کی بھی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔

’شکریہ پاکستان‘: شہباز شریف کا بیان اور بنگلہ دیش کا ردعمل، کیا انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا دفاع ممکن ہے؟انڈین چینلز اس بار پی ایس ایل کے میچز کیوں نہیں دکھا سکیں گے؟کرکٹ میں ’سیاست اور پیسے کی کہانی‘: ٹی 20 ورلڈ کپ کے بحران میں آئی سی سی بے بس کیوں ہے؟انڈیا کے خلاف میچ سے دستبرداری کا پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سفر پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟کروڑوں کا کمرشل ٹائم اور اربوں کی سرمایہ کاری: ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ نہ ہونے سے براڈکاسٹرز پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟پاکستان کے میچ کھیلنے سے انکار کے باوجود انڈین ٹیم سری لنکا کیوں جا رہی ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More