سنگاپور کا چھنگی ایئرپورٹ: دنیا کا سب سے بہترین ہوائی اڈہ اندر سے کیسا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Apr 27, 2026

Getty Imagesاپنے جدید ڈیزائن، تیز رفتار امیگریشن اور مسافروں کی سہولیات کی وجہ سے چھنگی ایئر پورٹ کو مسلسل دوسری مرتبہ دنیا کا سب سے بہترین ہوائی اڈہ قرار دیا گیا ہے

تصور کیجیے کہ آپ ابھی 18 گھنٹے کی پرواز کے بعد ایک ہوائی اڈے پر اُترے ہیں۔ طویل سفر کی تھکان کے باعث آپ کی آنکھیں سُرخ ہیں اور آج جمائیاں لیتے ہوئے امیگریشن کاؤنٹر تک کے لمبے پیدل سفر، طویل قطاروں اور سامان کے ناختم ہونے والے انتظار کے حوالے سے اپنے ذہن کو تیار کر رہے ہیں۔

مگر اس کے برعکس آپ کا فوری طور پر سامنا مسکراتے ہوئے اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے خودکار ربورٹس سے ہوتا ہے جو ایئرپورٹ کے فرش کی صفائیوں میں مصروف ہیں۔ آپ کی حیرت اور بڑھے گی جب امیگریشن کاؤنٹر پر مسافروں کی قطار اس رفتار سے اگے بڑھے گی جس کا آپ نے تصور بھی نہیں کیا ہو گا اور پھر 15 منٹ سے بھی کم وقت میں آپ اپنے آپ کو ہوائی اڈے سے باہر پائیں گے۔

اور اس وقت شاید ایک ہی سوچ آپ کے دماغ میں ہو کہ باقی دنیا اب بھی یہ سب اتنا مشکل کیوں ہے؟

اس ایئرپورٹ پر بغیر کسی رکاوٹ کے چیک اِن کے بعد، آپ ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ ہالز میں اپنی پرواز کا انتظار کرتے ہیں، جہاں 24 گھنٹے مفت سنیما، تتلیوں کا باغ اور دنیا کی سب سے اونچی اِن ڈور آبشار موجود ہے۔

یہاں تک کہ ایک شیشے کا اِن ڈور مچھلیوں کا تالاب بھی ہے جس کے اوپر سے آپ چل سکتے ہیں، اور اس کے ساتھ ایک ڈیجیٹل چھت جو باہر کے موسم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس ایئرپورٹ پر رہتے ہوئے کئی بار آپ بھول جاتے ہیں کہ آپ کسی ہوائی اڈے میں ہیں یا مستقبل کے کسی جدید شہر میں جس کا نظم و نسق بہترین انداز میں چلایا جا رہا ہو۔

سننے میں یہ سب ایک خواب جیسا لگتا ہے۔ لیکن حقیقت میں یہ سنگاپور کا ’چھنگی ایئرپورٹ‘ ہے، جس نے حال ہی میں مسلسل دوسرے برس دنیا کے سب سے بہترین ہوائی اڈے کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

جہاں دنیا کے دوسرے بڑے ایئرپورٹس چوہوں کی بہتات، عملے کی ہڑتالوں اور چھتیں گرنے جیسے مسائل سے دوچار ہیں، وہاں چھنگی ایئرپورٹ کی مستقبل پسندانہ خاموشی ایک بالکل مختلف دنیا محسوس ہوتی ہے۔

اس سے قبل کسی اوسط اور عالمی معیار کے ہوائی اڈے کے درمیان فرق کبھی اتنا واضح محسوس نہیں ہوا۔

تو پھر جدید فضائی سفر کو اس قدر پرکشش بنانے کے لیے کیا درکار ہوتا ہے اور سنگاپور اُس وقت میں درست فیصلے کیسے کرتا رہتا ہے جب اس کے حریف ایسا نہیں کر پا رہے تھے؟

سب سے پہلے کارکردگیGetty Imagesایئرپورٹ کے ویٹنگ لاؤنج کا منظر

ہوائی اڈوں کی منصوبہ بندی اور ترقی پر مرکوز ایک تحقیقی ادارے ’ایئرپورٹ سٹی اکیڈمی‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر میکس ہرش کے مطابق، چھنگی ایئرپورٹ کی کامیابی صرف معیار کو برقرار رکھنے تک محدود نہیں۔

اُن کے بقول رفتار سے لے کر حفاظت اور رابطے تک۔ اس ایئرپورٹ کے سسٹمز میں یہ لچک بھی شامل ہے کہ جب چیزیں انسانی منصوبے کے مطابق نہ چلیں تو وہ خود سے معاملات سے نمٹیں۔

ہرش کہتے ہیں کہ ’ہوابازی کی دنیا میں یہ اکثر ہوتا ہے۔ چیلنج صرف ایک بار اس توازن کو حاصل کرنا نہیں ہے بلکہ بدلتی ہوئی ضروریات، ٹیکنالوجیز اور رکاوٹوں کے باوجود دہائیوں تک اسے برقرار رکھنا ہے۔ چھنگی ایئرپورٹ اس لیے کامیاب ہے کہ وہ اس توازن کو کسی ایک وقتی کارنامے کے طور پر نہیں بلکہ ایک مسلسل جاری منصوبے کے طور پر لیتا ہے۔‘

اگر آپ کبھی سنگاپور کے ذریعے سفر کر چکے ہیں تو ممکن ہے کہ آپ نے اس ہوائی اڈے پر چھائے سکون کے احساس کو محسوس کیا ہو۔

لیکن یہاں ہوتے ہوئے جو بات آپ غالباً نہیں سمجھ پاتے، وہ یہ ہے کہ یہ سکون کتنی باریکی سے ترتیب دیا گیا ہے۔

پردے کے پیچھے ایک بہت بڑا اور نہایت منظم آپریشن روم موجود ہے جس میں خودکاری، بائیومیٹرکس اور پیشگی تجزیاتی نظام استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ رکاوٹیں نمایاں ہونے سے پہلے ہی ختم کر دی جائیں۔

دنیا کے دوسرے مصروف ترین دبئی ایئرپورٹ کی کہانی: ’یہاں حالات بدترین نہیں بلکہ خطرناک ہیں، ہمیں جانوروں کی طرح رکھا گیا ہے‘کیا یہ دنیا کا خوبصورت ترین ہوائی اڈا ہے؟پاکستان کے جدید ترین ہوائی اڈے کی خاص بات کیا ہے؟برٹش ایئرویز: سات دنوں کا سفر سات گھنٹوں میں کیسے سمٹا؟

ہرش کہتے ہیں کہ صفائی، توانائی کے استعمال اور مسافروں کی آمدورفت کے معاملات کو فی الفور نمٹانے میں یہ ایئرپورٹ اکثر آپ کو ایک قدم آگے محسوس ہوتا ہے۔

پس پردہ بنیادی انتظامات، جیسا کہ مسافروں کے لیے راستوں کی غیرمبہم اور واضح نشاندہی، صاف اور واضح اشارتی بورڈز اور مسافروں کے ہجوم کا مؤثر انتظام، اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ جیٹ لیگ کے شکار مسافروں کو محض اپنے گیٹ تک پہنچنے کی کوشش میں اپنی ذہنی توانائی ضائع نہ کرنی پڑے۔

ٹرمینلز میں نصب 500 بیت الخلا بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں، جن میں سے ہر ایک میں مسافروں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ٹچ سکرینیں موجود ہوتی ہے۔ معیار میں ذرا سی بھی کمی آئے تو صفائی کا عملہ چند منٹوں میں وہاں پہنچ جاتا ہے۔

ہرش کہتے ہیں کہ ’درجہ بندی سادہ ہے: کارکردگی پہلے، ماحول بعد میں اور تماشا سب سے آخر میں۔‘

سہولیات کی بھرمار

چھنگی ایئرپورٹ پر سہولیات کی اتنی بھرمار ہے کہ اُن کی وسعت کو سراہنے کے لیے یہاں کے کئی دورے درکار ہو سکتے ہیں۔

سب سے معروف مثال ’جیول رین وورٹیکس‘ ہے، جو چنگی ایئرپورٹ سے متصل ریٹیل کمپلیکس میں واقع اِن ڈور آبشار ہے، اور یہ آبشار اب سنگاپور کے سب سے زیادہ جانے پہچانے سفری مناظر میں سے ایک بن چکی ہے۔

آپ یہاں روبوٹک بار ٹینڈر، ٹونی، کو مختلف قسم کے کاک ٹیلز تیار کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔

تتلیوں کے باغ میں ہر دو سے تین ہفتے بعد نئی تتلیاں ڈالی جاتی ہیں تاکہ رنگین پروں والی خوبصورتی کبھی ختم نہ ہو پائے۔ اگر اڑنے والے حشرات آپ کو پسند نہیں، تو یہاں کیکٹس گارڈن اور چھت پر سورج مکھی کا باغ بھی موجود ہے۔

ایک نیا فِٹ اینڈ فن زون، جو 2025 کے اوائل میں کھلا ہے، ایسی سرگرمیوں سے بھرا ہوا ہے جو ہر مزاج کے لوگوں کو بھاتی ہیں۔

اور جن مسافروں کا ٹرانزٹ کافی طویل ہو (اور ویزا کی کوئی شرط نہ ہو)، ان کے لیے یہ ایئرپورٹ شہر کی مفت رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔

لیکن یہ تفریحات صرف طویل سفر کی تھکن کم کرنے تک محدود نہیں ہیں۔ یہ ایک زیادہ عملی مقصد بھی پورا کرتی ہیں: لوگوں کو دریافت کی ترغیب دے کر یہ ٹرمینل کے مختلف حصوں تک آمد و رفت کو پھیلا دیتی ہیں اور اس ہجوم کے احساس سے بچنے میں مدد دیتی ہیں جو دیگر ہوائی اڈوں کو درپیش رہتا ہے۔

Getty Imagesآسان آنا، آسان جانا

ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس سے لے کر صفائی ستھرائی اور مسافروں سے متعلق دیگر خدمات تک کو آٹومیٹک نظام کی طرف منتقل کر دیا گیا ہے۔

چھنگی ایئرپورٹ گروپ میں کارپوریٹ اور مارکیٹنگ مواصلات کے سینیئر نائب صدر آئیون ٹین نے وضاحت کی کہ ’امیگریشن خدمات کے لیے بڑی تعداد میں افرادی قوت درکار ہوتی ہے اور بہت سے شہری ایسے کام کرنے کے خواہش مند نہیں ہوتے۔ اس لیے کسی حد تک ہم اپنی ضرورت کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔‘

سنہ 2024 میں چھنگی ایئرپورٹ مکمل طور پر پاسپورٹ کے بغیر امیگریشن کلیئرنس نافذ کرنے والا پہلا ہوائی اڈہ بن گیا تھا۔

اس نظام میں چہرے اور آنکھوں کی بائیومیٹرک شناخت استعمال کی جاتی ہے تاکہ بین الاقوامی سفر کے سب سے مایوس کر دینے والے مراحل میں سے ایک پر وقت بچایا جا سکے۔

سنگاپور کے رہائشی آمد اور روانگی دونوں پر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ غیر ملکی مسافر سنگاپور سے روانگی کے وقت پاسپورٹ کے بغیر کلیئرنس کی سہولت استعمال کر سکتے ہیں۔

چھنگی ایئرپورٹ نے حال ہی میں ٹرمینل ایکس قائم کیا ہے، جو ایک اختراعی لیبارٹری ہے اور موسمی تغیر، افرادی قوت کے مسائل، گنجائش کے دباؤ اور مسلسل بدلتی ہوئی صارفین کی توقعات سے نمٹنے کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہے۔

لیب کے کمیونیکیشنز مینیجر کرس موک کہتے ہیں کہ ’ہمارے لیے یہ اختراعی مرکز ناگزیر ہے، کیونکہ بڑھتے ہوئے چیلنجز اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ چند برسوں میں ہمیں دگنی محنت کرنا پڑے گی۔‘

لیب کے منصوبوں میں ایسے ڈرونز کا ایک بیڑا بھی شامل ہے جو طوفانی موسم میں فضا میں منڈلاتے ہیں تاکہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کو روکا جا سکے۔ یاد رہے کہ سنگاپور میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔

سنگاپور کی رہائشی الیشا روڈریگو اس ایئر پورٹ کے ذریعے اکثر سفر کرتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ ایک مؤثر، صاف ستھرا اور منظم نظام ہے اور یہاں موجود رہتے ہوئے آپ کو یقین ہوتا ہے کہ ہر چیز کام کرے گی۔

امریکی ایئر پورٹس پر سکیورٹی کی وجہ سے چار، چار گھنٹوں تک انتظار کے تناظر میں وہ کہتی ہیں کہ چھنگی ایئرپورٹ اس لحاظ سے سب سے آگے ہے اور آپ کو پتہ ہوتا ہے کہ یہاں کتنا وقت لگے گا۔

یہی وجہ ہے کہ چھنگی مسلسل کامیابی حاصل کرتا جا رہا ہے۔ اگرچہ آبشار وہ چیز ہو سکتی ہے جو مسافروں کے ذہن میں رہ جاتی ہے، مگر اصل کامیابی یہ ہے کہ وہ وہاں تک بغیر راستہ بھٹکے اپنی منزل تک منٹوں میں پہنچ جاتے ہیں۔

سنگارپور سے نیویارک: دنیا کی طویل ترین نان سٹاپ پروازخواتین عملے کے ساتھ دنیا کے گرد پروازکیا یہ دنیا کا خوبصورت ترین ہوائی اڈا ہے؟نیو یارک اور سنگاپور دنیا کے سب سے مہنگے شہر، کراچی سب سے سستے شہروں میں شامل
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More