Getty Images
کل رات فٹبال کے مداحوں نے کرسٹیانو رونالڈو کی آنکھوں میں مایوسی کے آنسو دیکھے تھے۔۔۔ مگر آج لیونل میسی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو نظر آئے۔۔۔ جہاں رونالڈو کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوا، وہیں میسی نے ارجنٹینا کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا ہے۔
امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 کے ایک ڈرامائی مقابلے میں ارجنٹینا نے دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
مصر نے میچ کا آغاز انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم نے کارنر کک پر عمدہ ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
ارجنٹینا کو پہلے ہاف میں مقابلہ برابر کرنے کا موقع اس وقت ملا جب اسے پنالٹی ملی، لیکن مصر کے گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے لیونل میسی کی پنالٹی شاندار انداز میں روک کر اپنی ٹیم کی برتری برقرار رکھی۔
دوسرے ہاف میں مصر نے 67ویں منٹ میں ایک تیز رفتار جوابی حملے پر مصطفیٰ زیکو کے گول کی بدولت اپنی برتری 2-0 کر دی، جس کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا کہ دفاعی چیمپیئن ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے قریب ہے۔
تاہم ارجنٹینا نے ہمت نہیں ہاری۔
79ویں منٹ میں کرسٹیان رومیرو نے ہیڈر کے ذریعے اپنی ٹیم کا نقصان کم کیا، جس سے ارجنٹینا کی ٹیم کو نئی توانائی ملی۔
صرف چار منٹ بعد لیونل میسی نے شاندار فنش کے ذریعے سکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ یہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں مسلسل چھٹے میچ میں میسی کا گول تھا، جو ان کے غیرمعمولی ریکارڈ میں ایک اور اضافہ ہے۔
میچ جب اضافی وقت کی جانب بڑھ رہا تھا تو 90+2 ویں منٹ میں اینزو فرنانڈیز نے فیصلہ کن گول کر کے ارجنٹینا کو 3-2 کی ناقابلِ یقین فتح دلا دی۔
مصر کے کھلاڑیوں نے اس گول سے قبل فاؤل کا دعویٰ کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا، تاہم ریفری نے گول برقرار رکھا۔
اس فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے نہ صرف کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ کنفرم کر لی ہے بلکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دو گول سے پیچھے ہونے کے باوجود کم بیک کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے کا میچ بھی جیت لیا ہے۔
دوسری جانب مصر نے شاندار کھیل پیش کرنے کے باوجود آخری 15 منٹ میں اپنی برتری گنوا دی اور اس کا ورلڈ کپ کا سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
جب ارجنٹینا کو اپنے کپتان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی، میسی نے قیادت کا حق ادا کیا
جہاں ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو ہیں وہیں مصر کے کھلاڑی غم سے نڈھال دکھائی دے رہے ہیں۔
مصر، ریفری کے ان فیصلوں پر بہت مایوس ہے جو اس کے خلاف گئے۔
دوسرا گول کرنے سے پہلے مصر کا ایک گول بھی مسترد کر دیا گیا، اور فاؤل کا فیصلہ ایسی جگہ دیا گیا جہاں خلاف ورزی تقریباً ان کی اپنی ٹچ لائن کے قریب ہوئی تھی۔
میچ کے اختتام پر لیونل میسی بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں بھی نم نظر آتی ہیں۔
چند ہی لمحے پہلے ایسا لگ رہا تھا کہ ان کا ورلڈ کپ کیریئر اختتام کو پہنچنے والا ہے، مگر جب ارجنٹینا کو اپنے کپتان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی تو میسی نے قیادت کا حق ادا کیا۔۔۔۔ پہلے گول کی راہ ہموار کرنے کے لیے شاندار پاس دیا، پھر خود گول سکور کر کے میچ برابر کر دیا۔
Getty Images
میسی نے یہ ورلڈ کپ 13 گولز کے ساتھ شروع کیا تھا، لیکن اب وہ 21 گولز تک پہنچ چکے ہیں۔ وہ مجموعی گولز کے ریکارڈ میں کائلن ایمباپے سے دو گول آگے ہیں۔ تاہم فرانسیسی کھلاڑی کے پاس دوبارہ سرفہرست آنے کا موقع موجود ہے، کیونکہ ان کی ٹیم فرانس جمعرات کو مراکش کے خلاف میدان میں اترے گی۔
میسی نے تو ہمیشہ کی طرح اپنا کردار ادا کیا لیکن ارجنٹیناکی باقی ٹیم نے بھی ہمت نہیں ہاری اور آخر تک مقابلہ جاری رکھا۔
فرنانڈیز نے تیسرا گول بہت خوبصورت ہیڈر کے ذریعے کیا، جو میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔
Getty Imagesسوشل میڈیا پر ارجنٹینا کی ڈرامائی واپسی، میسی کی کارکردگی اور ریفری کے فیصلے زیرِ بحث
میچ کے بعد سوشل میڈیا پر ارجنٹینا کی ڈرامائی واپسی، میسی کی کارکردگی اور ریفری کے فیصلے زیرِ بحث ہیں۔
جہاں کئی شائقین میسی کی شاندار کارکردگی اور ارجنٹینا کے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کی تعریف کرتے نظر آتے ، وہیں کچھ صارفین نے میچ کے دوران ہونے والے فیصلوں پر تنقید بھی کی۔
ایک صارف نے لکھا ’میسی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بڑے لمحات بڑے کھلاڑیوں کے لیے ہوتے ہیں۔‘
کئی مداحوں نے میسی کے اسسٹ اور برابری کے گول کو میچ کا فیصلہ کن لمحہ قرار دیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ارجنٹینا کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوتا دکھائی دے رہا تھا، پھر میسی نے اپنا جادو دکھایا اور میچ کا رخ بدل دیا۔‘
کئی فٹبال مداحوں نے مصری ٹیم کی تعریف کی، جس نے عالمی چیمپیئن کے خلاف زبردست مقابلہ کیا اور ایک وقت میں فتح کے قریب نظر آئی۔
ایک صارف نے لکھا ’مصطفیٰ شوبیر نے ورلڈ کلاس کارکردگی دکھائی‘ کئی افراد کا ماننا ہے کہ ’یہ میچ ورلڈ کپ کے بہترین مقابلوں میں شامل ہو گیا ہے۔‘
کچھ فٹبال مداحوں نے میچ کے دوران ریفری کے فیصلوں پر بھی سوالات اٹھائے۔
ایک صارف نیول نے ایکس پر محمد صلاح کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہ لکھا کہ مصر کے کھلاڑی اور کپتان محمد صلاح ریفری کے فیصلوں سے ناخوش تھے۔ ان کے مطابق ’ارجنٹینا کے تیسرے گول سے قبل صلاح کے خلاف فاؤل ہوا تھا جس پر مصر کو پنالٹی ملنی چاہیے تھی، لیکن وی اے آر چیک کے باوجود گول برقرار رکھا گیا۔‘
نیول نے مزید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’ریفری کے فیصلے مصر کے خلاف جا رہے تھے‘ انھوں نے اسے ورلڈ کپ کا بدترین فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا۔
انڈین صحافی ابھجیت گنگولی نے ایکس پر لکھا کہ ریفری کا فیصلہ انتہائی متنازع تھا۔ ان کے مطابق ’یہ بالکل ناقابلِ قبول ہے۔ مخالف ٹیم کے خلاف ایک معمولی فاؤل پر فیصلہ دیا گیا، جبکہ ارجنٹینا خود بھی کافی سخت انداز میں کھیل رہا تھا۔‘ انھوں نے فیفا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ایک بڑے تنازع کا سبب بن گیا ہے۔
رونالڈو کے ورلڈ کپ کریئر کا آنسوؤں کے ساتھ اختتام: ’میری آنکھوں میں بھی آنسو ہیں اور یہی اس عظیم کھلاڑی کا ورثہ ہے‘امریکہ کی شکست کے بعد بیلجیئم کا ٹرمپ پر طنز: ’اب اس کو پلٹ کر دکھائیں‘فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے 104 میچوں کا شیڈول اور نتائجکیا پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش جیسے بڑی آبادی والے ممالک میں کرکٹ کی مقبولیت فٹبال کی ترقی میں رکاوٹ ہے؟فٹبال ورلڈ کپ میں وائرل ہونے والے کھلاڑی اس شہرت سے مالی فائدہ اٹھا پائیں گے؟