سائرہ کو طلاق صدف کی وجہ سے نہیں دی: شہروز سبزواری

وائس آف امریکہ اردو  |  Jun 02, 2020

اداکار شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے شادی کے حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں شہروز سبزواری نے کہا ہے کہ میری اور سائرہ کی علیحدگی اگست 2019 میں ہو چکی تھی اور اس علیحدگی کی وجہ کوئی عورت نہیں تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ سائرہ کو طلاق دینے کی وجہ صدف کنول نہیں ہے۔

'انسٹاگرام' پر جاری کی گئی ویڈیو میں شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ میں اپنے خاندان اور اپنے آپ کا دفاع کر سکوں۔ میرے خاندان اور میرے حوالے سے جو کچھ کہا جا رہا ہے میں اس پر اپنا بھر پور دفاع کرنے کا حق رکھتا ہوں۔ میں ایک سچا آدمی ہوں.

انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو تخیلاتی دنیا بنی ہوئی ہے وہ یہ جانتی ہے کہ میں نے کسی کو کوئی دھوکہ دیا ہے یا کوئی اور عورت ہے تو وہ سامنے آ کر اس کو ثابت بھی کرے۔

سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں پر ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے خاندان کے حوالے سے کچھ برداشت نہیں کر سکتا ہے۔

شہروز سبزواری نے کہا کہ سائرہ سے علیحدگی کے تین یا چار ماہ بعد صدف کنول سے کام پر ملاقات ہوئی۔

اپنی ایک پرانی ویڈیو کا حوالے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اس ویڈیو کو توڑ مور کر پیش کیا جا رہا ہے۔ میں حلفاََ کہتا ہوں کہ اُس ویڈیو میں ایک بھی بات جھوٹ نہیں تھی۔ صدف کنول اس وقت صرف ساتھ کام کرنے والی ساتھی ہی تھیں جب کہ سائرہ میری بیوی تھیں۔ تاہم ہماری علیحدگی ہو چکی تھی اور ہم نے کوشش کی معاملہ سلجھ جائے لیکن ایسا نہ ہو سکا۔

شہروز سبزواری نے کہا کہ میں سائرہ کو بالکل بھی طلاق دینا نہیں چاہتا تھا لیکن ہمارے درمیان مسائل نہیں سلجھ سکے تو طلاق کا فیصلہ کیا۔

طلاق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت میرا صدف کنول کے ساتھ کوئی غلط رشتہ نہیں تھا۔

ویڈیو بنانے کا مقصد بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو میں اپنی بیٹی کے لیے بنا رہا ہوں۔ آج سے پانچ چھ سال بعد جب وہ بڑی ہو گی تو سوشل میڈیا پر موجود تبصروں کو دیکھ کر ضرور پوچھے گی کہ کیا ہوا تھا تو اس وقت یہ ویڈیو اس کے لیے میرا حلف ہوگی۔

انہوں نے ایک بار پھر ان تبصروں کی تردید کی کہ ان کی سائرہ سے ان کی طلاق کسی عورت کی وجہ سے ہوئی تھی۔

شہروز سبزواری نے کہا کہ بہت سے لوگ چاہتے تھے کہ میں خاموش رہوں اور جو لوگ بول رہے ہیں ان کو بولنے دوں۔ لیکن آج کل چُپ رہنے میں کچھ نہیں رکھا۔ اگر کوئی تہمت لگا رہا ہے تو سامنے آئے اس کو ثابت بھی کرے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں بھی شہروز سبزواری نے 'انسٹاگرام' پر ہی ایک ویڈیو جاری کی تھی جو اب ڈیلیٹ ہو چکی ہے۔ اس میں انہوں نے کہا تھا کہ سائرہ سے ان کی طلاق کے حوالے سے خبروں میں صداقت نہیں۔

شہروز سبزواری نے کہا تھا کہ ایک اور اداکارہ صدف کنول کے ساتھ ان کا نام جوڑا جا رہا ہے جب وہ ان ایک ماہ قبل (یعنی نومبر 2019 میں) ان سے ملے ہیں جب کہ سائرہ سے ان کی علیحدگی کو چھ ماہ ہو چکے ہیں۔

بعد ازاں رواں برس مارچ میں شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے سوشل میڈیا پر ہی طلاق کی تصدیق کی۔ دونوں فن کاروں کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ ہمارے درمیان موجود مسائل نہ سلجھ سکے جس کی وجہ سے دونوں نے مشرکہ طور پر شادی ختم کرنے کا فیصلہ کہا۔

اب اداکار شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول کے ساتھ شادی کی ہے۔ اسی کے ساتھ شہروز کی سابق اہلیہ سائرہ یوسف کا نام پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

اتوار کی شام تک شہزوز اور صدف کی شادی کی خبریں مین اسٹریم میڈیا سے زیادہ سوشل میڈیا پر چھائی رہیں۔

شادی کی ایک سادھا سی تقریب کراچی میں انجام پائی جس میں دونوں کے قریبی رشتے داروں نے شرکت کی۔

شہروز سبزواری نامور اداکار بہروز سبزواری کے صاحبزادے ہیں۔ شہروز کی یہ دوسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی 2012 میں اداکارہ اور ماڈل سائرہ یوسف سے ہوئی تھی۔ تاہم دونوں میں اختلافات کے باعث کچھ مہینوں پہلے ہی دونوں کی راہیں جدا ہو گئی تھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More