ملک میں جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں انٹلیکچوئل پراپرٹی کا اہم کردار ہے ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

اے پی پی  |  Apr 26, 2024

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ملک میں جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی ایس) کے حصول میں حقوق ملکیت دانش ( آئی پی ) کا اہم کردار ہے ۔ جمعہ کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی جانب سے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) کے تعاون سے ورلڈ انٹلیکچوئل پراپرٹی ڈے 2024 کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر تجارت نے کہا کہ حقوق ملکیت دانش فریم ورک کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی کے فوائد تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہوگا ۔جام کمال نے کہا کہ قدرت نےپاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور ان وسائل کو ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انٹلیکچوئل پراپرٹی کے دن کی خاص اہمیت ہے کیونکہ ہم جدت، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور بالآخر پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی ایس) کو آگے بڑھانے میں انٹلیکچوئل پراپرٹی کے اہم کردار پر غور کرتے ہیں۔جام کمال نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے حصول میں معاونت کرنے والی ٹیکنالوجیز اور حل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ، جدت طرازی اور انٹرپرینیورشپ کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت، صنعت، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان شراکت داری اور اشتراک کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔

وزیر تجارت نے کہا کہ پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک ٹول کے طور پر آئی پی کا فائدہ اٹھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت خاص طور پر پائیدار ترقی کے سلسلے میں آئی پی ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے والی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد کاروباری افراد، محققین اور اختراع کاروں میں آئی پی رائٹس کے بارے میں بیداری اور تفہیم کو بڑھانے کے لیے صلاحیت سازی کے اقدامات میں سرمایہ کاری کرنا تھا تاکہ وہ پائیدار ترقی کے لیے مؤثر طریقے سے آئی پی کا فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور بین الاقوامی منڈیوں پر قبضہ کرنے اور ملک سے برآمدات بڑھانے کے لیے مقامی مصنوعات کی مسابقت کو بڑھانے کے لیے مزید جدت لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پرآئی پی او پاکستان اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاوش قابل تحسین ہے ۔آئی پی رائٹس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ حقوق جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کے بنیادی محرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد اور کاروباری اداروں کو تحقیق اور ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتا ہے جس کے نتیجے میں نئی ​​ٹیکنالوجیز، مصنوعات اور خدمات کی تخلیق ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More