علیزے شاہ کا اپنی موت کی افواہوں پر ردعمل

سچ ٹی وی  |  Apr 30, 2025

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ نے موت کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

ماڈل و اداکارہ علیزے شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جانب سے انسٹاگرام کو کچھ عرصے کے لیے خیرباد کہنے کے بعد نیوز چینلز ان کے والدین کو فون کرکے ان کی موت سے متعلق پوچھتے رہے۔

علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں میڈیا، سوشل میڈیا اور عام انٹرنیٹ صارفین کی رویے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سب سے اپیل کی کہ انہیں سانس لینے اور زندہ رہنے دیا جائے۔

علیزے شاہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پہلے لوگوں کی تنقید اور سوشل میڈیا کا رویہ صرف ان کی ذہنی صحت متاثر کر رہا تھا، اب ان کی جسمانی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ٹرولنگ، بے جا تنقید اور ان سے متعلق منفی تبصرے اور باتوں سے وہ نہ صرف شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا ہوچکی ہیں بلکہ اب انہیں جسمانی طور پر بھی تکلیف ہونی لگی ہے۔

علیزے شاہ نے لکھا کہ اب ان کے پاس مکمل طور پر سوشل میڈیا اور میڈیا سے دور رہنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، وہ خود کو محفوظ کرنے کے لیے ہر کسی سے دور ہوں گی۔

انہوں نے اظہار بے بسی کرتے ہوئے لکھا کہ وہ منفی تبصروں، ٹرولنگ اور نامناسب باتوں سے تنگ آچکی ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ کچھ دن قبل جب انہوں نے انسٹاگرام سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کردی تھیں، تب انہوں نے واضح طور پر بائیو میں لکھا تھا کہ وہ زندہ ہیں لیکن اس باوجود کچھ لوگوں نے ان سے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلائیں اور یہاں تک کہ نیوز چینل ان کے والدین سے رابطہ کرکے یہ پوچھتے رہے کہ کیا علیزے شاہ مرچکی ہیں؟

انہوں نے لکھا کہ کوئی اس تکلیف کا تصور نہیں کر سکتا کہ کسی کے خاندان سے ان کی موت سے متعلق پوچھا جا رہا ہے؟

انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا سے اپیل کی کہ ان کے خلاف مہم جوئی بند کی جائے، ان کے لیے نامناسب تبصرے، سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کرنا اور ان کے لیے افواہیں پھیلنا بند کرکے انہیں سانس لینے دی جائے، انہیں زندہ رہنے دیا جائے۔

علیزے شاہ نے لکھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ اب کب تک سوشل میڈیا اور میڈیا میں واپسی کریں گی، انہیں ڈراموں میں واپسی سے متعلق بھی کچھ علم نہیں۔

انہوں نے لکھا کہ اب چیزیں ان کی برداشت سے باہر ہوچکی ہیں اور وہ سوشل میڈیا اور میڈیا کے رویے سے تھک چکی ہیں۔

اس سے قبل علیزے شاہ نے انسٹاگرام کی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرکے سوشل میڈیا سے دوری کی اسٹوری بھی شیئر کی تھی اور ساتھ ہی لکھا تھا کہ وہ زندہ ہیں۔

ماضی میں بھی علیزے شاہ انسٹاگرام کی پوسٹس ڈیلیٹ کرتی رہی ہیں اور کچھ عرصے کے لیے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی بھی کرتی رہی ہیں۔

علیزے شاہ کو ان کی تصاویر، ویڈیوز اور رویے کی وجہ سے نہ صرف سوشل میڈیا صارفین بلکہ شوبز شخصیات کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا رہتا آیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More