"اگر انصاف نہیں کر سکتے تو دوسری شادی نہ کریں، کیونکہ پہلی بیوی کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے" — اورنگزیب لغاری
پاکستانی ٹی وی، فلم اور اسٹیج کے مایہ ناز اداکار اورنگزیب لغاری نے اپنی ذاتی زندگی کے اہم فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسری شادی کا فیصلہ ان کی زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا، جس کی قیمت آج تک چکانی پڑ رہی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک مرد کو کبھی بھی دوسری شادی نہیں کرنی چاہیے، جب تک وہ مکمل انصاف نہ کر سکے۔ "بیویاں مختلف گھروں میں ہوتی ہیں اور آپ ہر وقت یا تو پہلی بیوی کے گھر غیر حاضر ہوتے ہیں یا دوسری کے۔ اس طرح انصاف ممکن ہی نہیں ہوتا۔"
اورنگزیب لغاری نے اپنی زندگی کی کہانی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی دوسری شادی 14 سال تک چلی، جس سے ان کے دو بیٹے ہوئے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی بیوی بچوں سمیت امریکہ چلی گئیں، اور وہ آج اپنے بچوں سے دور ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ان کے بچے صرف اپنی ماں کی باتیں سن کر بڑے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے باپ بیٹوں کے رشتے میں خلیج آ گئی ہے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اگرچہ ان کی اور دوسری بیوی کے درمیان علیحدگی پہلے ہو گئی تھی، لیکن بیوی نے طلاق کا فیصلہ کئی برس بعد کیا کیونکہ وہ طلاق نہیں چاہتی تھیں۔
اداکار نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کی پہلی بیوی نے بھی ان کے اس فیصلے کی تکلیف سہی۔ ایک طرف نئی زندگی کی کشمکش، دوسری طرف پرانے رشتوں کا بوجھ — اورنگزیب لغاری کا تجربہ ان ہزاروں لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو اپنی زندگی میں ایسے فیصلے کرنے جا رہے ہیں۔