معاملہ اللہ پر چھوڑا تھا لیکن وہ میرے گھر آگیا۔۔ ارمغان نے مصطفیٰ عامر کے قتل کی تفصیلات بیان کردیں ! ویڈیو

ہماری ویب  |  May 16, 2025

"یہ سب نیو ایئر نائٹ سے شروع ہوا۔ زوما کی وجہ سے دل میں غصہ جمع ہوا، جو بعد میں نفرت میں بدل گیا۔ مصطفیٰ نے مجھے کیلے کی تصویر بھیجی – تمسخر تھا، طعنہ تھا۔ میں برداشت نہ کر سکا۔ پہلے سوچا معاملہ اللہ پر چھوڑ دوں، لیکن پھر وہ خود میرے گھر آ گیا۔ بس وہیں فیصلہ کر لیا۔"

"کیا زندہ چھوڑوں یا مار ڈالوں؟ سکہ اچھالا، قسمت نے موت لکھی تھی۔ میں نے گولی مار دی، گاڑی سمیت لاش کو جلا دیا۔ کسی کو کچھ معلوم نہ ہو۔ میں اور شیراز ویسے ہی گھومتے رہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ جب پولیس آئی، مزاحمت کی، گولیاں بھی چلیں۔ پھر ماں نے آواز دی، ہتھیار رکھ دیے۔ میں نے مصطفیٰ کی امی سے معافی مانگ لی۔ شرمندہ ہوں… بہت شرمندہ۔"

کراچی میں مصطفیٰ عامر کے اندوہناک قتل کی واردات اب صرف ایک پولیس کیس نہیں رہی یہ ایک بےرحم ذہن، ایک پل میں لیے گئے فیصلے اور ایک بظاہر معمولی جھگڑے کی خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے۔ ملزم ارمغان نے نجی چینل کو انٹرویو میں اپنی زبانی تمام داستان بیان کر دی۔

کہانی کی شروعات ایک نیو ایئر پارٹی سے ہوئی، جہاں زوما نامی لڑکی پر ہونے والی تلخی، انا پر کاری ضرب بن گئی۔ ارمغان کے مطابق، مصطفیٰ نے طنزیہ طور پر اسے کیلے کی تصویر بھیجی، جس پر وہ شدید بپھر گیا۔ بات بڑھی، ملاقات نہ ہو سکی، تو اس نے دل میں کہا "معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا"، لیکن پھر تقدیر نے مصطفیٰ کو خود اُس کے دروازے پر لا کھڑا کیا۔

اس موقع پر جو انکشاف ہوا، وہ چونکا دینے والا تھا — ارمغان نے مصطفیٰ کو قتل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سکہ اچھال کر کیا۔ سکہ پلٹا، فیصلہ موت کا آیا، اور وہی ہوا۔

قتل کے بعد ارمغان اور اس کا دوست شیراز لاش کو گاڑی سمیت جلا کر شواہد مٹانے میں مصروف ہو گئے۔ حیرت انگیز طور پر، دونوں واقعے کے بعد نہ صرف پرسکون رہے بلکہ روزمرہ کی سرگرمیوں میں مصروف دکھائی دیے، جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔

جب پولیس اُن تک پہنچی تو مزاحمت کی گئی، گولیاں بھی چلیں، لیکن ماں کی آواز پر ہتھیار ڈال دیے گئے۔ ارمغان نے مصطفیٰ کی والدہ سے معافی مانگی، اور اس عمل پر ندامت کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More