ٹی وی میزبان وسیم بادامی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے واقعے پر افسوس کرنے والے پاکستانی فنکاروں کی سوچ پر انہیں ’افسوس‘ اور دکھ ہے۔
ٹی وی میزبان نے حال ہی میں ’اے آر وائے پوڈکاسٹ‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام ہر بیگناہ انسان کے قتل کی مذمت کرنے کا درس دیتا ہے اور بطور مسلمان ہم بھارت میں قتل کیے جانے والے ہر انسان کے مرنے پر اظہار افسوس کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لیکن 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے واقعے کی نوعیت دوسری تھی، مذکورہ واقعے کا الزام پاکستان پر لگایا گیا جب کہ ہمارے ملک نے کہا کہ وہ واقعہ فالس فلیگ (یعنی بھارت نے خود کروایا) تھا، اس لیے مذکورہ واقعے پر صرف انسانوں کے قتل پر افسوس کرنا ادھوری اور نامکمل بات تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن شوبز شخصیات نے پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کیا، وہ اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھتے کہ پاکستان پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں، تفتیش سے قبل ہم پر الزامات نہ لگائے جائیں۔
وسیم بادامی کے مطابق اگر کچھ فنکاروں نے جذبات میں آکر پہلگام واقعے پر صرف اظہار افسوس کیا تو وہ ایک دن بعد ہی بھارت سے سوال کرسکتے تھے اور پاکستان پر الزامات لگانے کی مذمت کر سکتے تھے لیکن بعض فنکاروں نے ایسا نہیں کیا، جس پر انہیں دکھ ہے۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کو غدار یا حب الوطن نہیں کہ رہے اور نہ وہ اس طرح کے سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں، بس وہ اپنی بات بتا رہے ہیں کہ جن فنکاروں نے پہلگام واقعے پر افسوس کیا، انہیں یہ بھی کہنا چاہیے تھا کہ پاکستان پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ صرف چند فنکاروں نے پہلگام واقعے پر اظہار افسوس کیا اور بھارت سے سوال نہیں کیا، تاہم مجموعی طور پر فنکاروں نے اپنے ملک کا ساتھ دیا اور انڈیا سے سوالات کیے۔
وسیم بادامی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وجہ سے ہی فنکاروں کو عزت، شہرت اور نام ملا اور جب ملک پر مشکل وقت آیا تو انہیں بولنا چاہیے تھا لیکن کچھ فنکاروں نے ایسا نہیں کیا، جس پر انہیں افسوس اور دکھ ہے۔
انہوں نے ایک واقعہ بتایا کہ انہیں معلوم ہوا کہ بھارت سے کسی شوبز شخصیت نے ایک پاکستانی اداکار کو پہلگام واقعے کی مذمت کرنے کا کہا، جس پر پاکستانی فنکار نے بھارتی شخصیت کو کہا کہ پہلے وہ یہ اعلان کروائیں کہ پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر غلط ہے۔
انہوں نے فہد مصطفیٰ، عمران اشرف، ہمایوں سعید، بہروز سبزواری، جاوید شیخ، امر خان، اور شہروز سبزواری سمیت دیگر شوبز شخصیات کی حب الوطنی کی تعریفیں بھی کیں۔