معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کو ایک بڑی عسکری کامیابی قرار دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس آپریشن کے ذریعے نہ صرف دشمن کے عزائم خاک میں ملائے گئے بلکہ پاکستانی مسلح افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وقار میں اضافہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان نے جس تیزی اور منظم طریقے سے جوابی کارروائی کی، اس نے خطے میں طاقت کا توازن واضح کر دیا ہے۔ پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرانا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، جنرل عاصم منیر اس کامیاب کارروائی کے بعد ایک "قومی نجات دہندہ" کے طور پر ابھرے ہیں۔ ان کی قیادت کو پاکستانی عوام کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے، جب کہ ملک بھر میں افواج پاکستان کے حق میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
اخبار نے مزید لکھا کہ اس عسکری فتح نے پاکستان میں نئی امید، قومی یکجہتی اور عوامی اعتماد کو جنم دیا ہے، اور اس کے اثرات خطے کی سیاست اور سلامتی پر بھی نمایاں نظر آئیں گے۔