کیا نو برس بعد عامر خان ’ستارے زمین پر‘ سے بالی وُڈ میں دھاک بٹھا سکیں گے؟

اردو نیوز  |  May 17, 2025

کم و بیش تین سال کی بریک کے بعد بالی وُڈ کے مشہور اداکار عامر خان ’ستارے زمین پر‘ کے ذریعے بالی وُڈ میں کم بیک کررہے ہیں تاہم فلم نقادوں کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ کیا سینیئر اداکار کی آنے والی یہ نئی فلم کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکے گی یا پھر ’لال سنگھ چڈا‘ کی طرح بجٹ پورا کرنے میں بھی ناکام رہے گی؟

شوبز ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق عامر خان کے لیے ’ستارے زمین پر‘ کی کامیابی بے حد اہم ہے۔

بلاشبہ مداحوں کی امیدیں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ سے وابستہ ہیں لیکن ان کی آنے والی سپورٹس کامیڈی ڈرامہ فلم کے لیے حالات زیادہ موافق نظر نہیں آ رہے۔

رپورٹ کے مطابق ’ستارے زمین پر‘ دراصل 2007 کی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکول ہے، سو اس پہلو سے فلم کو فائدہ ضرور ملے گا۔ رپورٹ میں ٹریلر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’جہاں تک تین منٹ 29 سیکنڈ دورانیے کے ٹریلر کی بات ہے تو اس میں کچھ خاص لمحات ضرور موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے ایسے سین بہت کم ہیں جو دیرپا یاد رکھے جائیں۔‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نقادوں کو ’ستارے زمین پر‘ کے ٹریلر سے امیدیں تو تھیں لیکن اس میں کوئی ایسی چیز یا پہلو پیش نہیں کیا گیا ہے کہ جس پر فلم بین واہ واہ کر اٹھیں تاہم بیک گراؤنڈ میوزک اور ڈئیلاگ دلچسپ اور تفریح سے بھرپور ہیں۔

نقادوں کے مثبت تبصرے اور فلم کی زبردست کہانی فلم بینوں کو سینما جانے پر مجبور کرے گی۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ 2016 می ریلیز ہونے والی فلم ’دنگل‘ کے بعد گزشتہ نو برس میں عامر خان کوئی بڑی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

یہ صورتحال بلکل ایسی ہی ہے کہ جیسے ’زیرو‘ کی ناکامی کے بعد شاہ رخ خان کو مشکلات کا سامنا تھا تاہم اس کے بعد ان کی ریلیز ہونے والی کئی فلمیں نہ کہ صرف کامیاب ہوئی بلکہ باکس آفس پر بھی ریکارڈ کمائی کی۔

’ستارے زمین پر‘ کے ٹریلر کو مداحوں میں مقبولیت مل رہی ہے اور ریلیز کے بعد یوٹیوب پر اس نے اب تک چھ کروڑ 30 لاکھ ویوز حاصل کر لیے ہیں تاہم فلم نقادوں کے خیال میں عامر خان کی فلموں کو لے کر جس طرح کا جذبہ مداحوں میں پایا جاتا ہے اس مرتبہ وہ نظر نہیں آرہا۔

 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More