ثنا میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں

اردو نیوز  |  Jun 10, 2025

پاکستان ویمنز کرکٹ کی سابق کپتان ثنا میر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہال آف فیم میں شامل ہونے والی ملک کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔

ثنا میر کا شمار پاکستان کی کامیاب ترین ویمنز کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی بہترین کارکردگی سے میدان میں جگہ بنائی بلکہ ملک میں خواتین کے کھیلوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

سنہ2005  میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھنے والی ثنا میر نے اپنے کریئر کے دوران 226 بین الاقوامی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 100 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ ایک ہزار رنز بھی بنائے۔

ثنا میر نے سنہ 2010 اور سنہ 2014 کی ایشین گیمز میں سونے کے تمغے جیتنے والی پاکستانی ویمنز ٹیم کی قیادت کی اور سنہ 2018 میں آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بولر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ وہ دو ورلڈ کپ اور پانچ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔

ثنا میر کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والے دیگر نمایاں کرکٹرز میں انڈیا کے ایم ایس دھونی، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری، انگلینڈ کی سارہ ٹیلر، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور گریم سمتھ شامل ہیں۔

Revolutionising the sport for young girls around the globe, both on and off the field

Sana Mir becomes the first Pakistan women's cricketer to enter the ICC Hall of Fame

More https://t.co/wxeJRWolhK pic.twitter.com/NJtNAkBbjA

— ICC (@ICC) June 9, 2025

آئی سی سی کے مطابق ثنا میر وائٹ بال کرکٹ میں 200 سے زائد انٹرنیشنل وکٹیں لینے والی چند خواتین میں شامل ہیں۔ وہ صرف میدان میں ہی نہیں بلکہ میدان سے باہر بھی اپنے اصولی موقف اور سماجی خدمات کے لیے جانی جاتی ہیں۔ وہ باڈی شیمنگ کے خلاف آواز بلند کرنے، ذہنی صحت کو ترجیح دینے اور کورونا وبا کے دوران متاثرہ افراد کی مدد کرنے میں پیش پیش رہی ہیں۔

آئی سی سی کے ہال آف فیم میں شامل ہونے کے بعد اپنے تاثرات میں ثنا میر نے کہا کہ ’ایک چھوٹی لڑکی کے طور پر یہ خواب دیکھنا کہ ایک دن ہمارے ملک میں خواتین کی کرکٹ ٹیم ہو گی اور آج ان لیجنڈز کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعزاز حاصل کرنا جنہیں میں نے کرکٹ کھیلنے سے پہلے ہی اپنا آئیڈیل مانا تھا، یہ لمحہ میرے تصور میں بھی نہیں تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ اعزاز ملنے پر ناقابلِ یقین حد تک شکر گزار ہوں اور امید کرتی ہوں کہ جس حد تک ممکن ہو، اس کھیل کے لیے کام کرتی رہوں گی۔ اس موقعے پر میں اپنی ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور خاندان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More