انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز 30 ستمبر کو انڈیا میں ہونے جا رہا ہے اور ٹورنامنٹ کا ممکنہ شیڈول بھی سامنے آ چکا ہے۔کرک انفو کے مطابق افتتاحی میچ بنگلورو کے ایم چنا سوامی سٹیڈیم میں ہوگا جہاں انڈیا اور سری لنکا مد مقابل ہوں گے۔انڈیا کا پاکستان کے خلاف ہائی پروفائل میچ 5 اکتوبر کو کولمبو کے آر.پریما داسا سٹیڈیم میں نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا، جبکہ بنگلادیش کے خلاف مقابلہ 26 اکتوبر کو دوبارہ بنگلورو میں ہوگا۔دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا یکم اکتوبر کو اندور کے ہولکر سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی، اس کے بعد 8 اکتوبر کو کولمبو میں پاکستان سے ٹکرائے گی۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان گزشتہ ایڈیشن کے فائنل کا ری میچ 22 اکتوبر کو اندور میں شیڈول ہے۔پاکستان بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان طے پانے والے ہائبرڈ معاہدے کے تحت اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گا۔پاکستان کا بنگلادیش سے میچ 2 اکتوبر کو ہوگا جبکہ انگلینڈ سے 15 اکتوبر، نیوزی لینڈ سے 18 اکتوبر، جنوبی افریقہ سے 21 اکتوبر اور سری لنکا سے میچ 24 اکتوبر کو ہوگا۔انگلینڈ 3 اکتوبر کو بنگلورو میں جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کھیلے گا جبکہ سری لنکا کے خلاف 11 اکتوبر کو گوہاٹی کے ACA سٹیڈیم میں اور نیوزی لینڈ کے خلاف 26 اکتوبر کو میچ کھیلے گا۔بنگلادیش، پاکستان کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلنے کے علاوہ، وشاکھاپٹنم کے ACA-VDCA سٹیڈیم میں مزید تین میچز کھیلے گا، جبکہ سری لنکا کے خلاف مقابلہ 20 اکتوبر کو کولمبو میں ہوگا۔ جنوبی افریقہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ 6 اکتوبر کو اور آسٹریلیا کے خلاف میچ 25 اکتوبر کو اندور میں کھیلے گا۔پاکستان کے تمام میچز نیوٹرل وینیو پر کروانے کی ضرورت انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ اس سے قبل انڈیا نے اعلان کیا تھا کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے میچز پاکستان کے بجائے دبئی میں کھیلے گا، جس کے جواب میں پی سی بی نے کہا تھا کہ پاکستان آئندہ انڈیا میں کوئی ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے نہیں جائے گا۔ٹورنامنٹ میں 28 لیگ میچز اور تین ناک آؤٹ مقابلے ہوں گے، جنہیں بنگلورو، اندور، گوہاٹی، وشاکھاپٹنم اور کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ آخری لیگ میچز 26 اکتوبر کو ایک ڈبل ہیڈر کی صورت میں ہوں گے، جن میں انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ اور انڈیا بمقابلہ بنگلادیش شامل ہیں۔ویمز ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یا کولمبو میں ہوگا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 2 نومبر کو بنگلورو یا کولمبو میں منعقد ہوگا۔انڈیا 2013 کے بعد پہلی بار ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ 2025 کے ٹورنامنٹ کا فارمیٹ 2022 جیسا ہی ہوگا، جہاں تمام آٹھ ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف راؤنڈ روبن فارمیٹ میں کھیلیں گی، اور ٹاپ فور ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا، میزبان انڈیا کے ساتھ براہ راست ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ آخری دو جگہیں پاکستان اور بنگلادیش نے رواں سال لاہور میں ہونے والے کوالیفائر کے ذریعے حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس بار ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں ہوگی، کیونکہ وہ کوالیفائر میں بنگلادیش سے نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پیچھے رہ گئی تھی۔