اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کے ملزم عمرحیات کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم عمر حیات کو پولیس نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ محمد حفیظ کی عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی گئی،عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
دورانِ سماعت ملزم عمر حیات کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کی میڈیا پر ہائپ کی وجہ سے ملزم سے والدین کی ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی جو ان کا قانونی و انسانی حق ہے،عدالت نے کہا ملزم کو اب جیل بھجوا دیا گیا ہے ملاقات کیلئے جیل حکام سے رابطہ کیا جائے۔