بلوچستان اسمبلی کے ممبر مولانا ہدایت الرحمان کے ’لاپتہ‘ بیٹے گھر پہنچ گئے

اردو نیوز  |  Jun 25, 2025

بلوچستان اسمبلی کے ممبر مولانا ہدایت الرحمان کے ’لاپتہ‘ بیٹے گوادر میں اپنے آبائی گھر پہنچ گئے ہیں۔

جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور گوادر سے رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے اپنے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے بیٹے عبدالباسط بخیر و عافیت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں جن لوگوں نے میرے بیٹے کی تلاش میں کسی بھی مدد و دعا کا اہتمام کیا ان کا میں خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ خاص طور پر وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیراعلیٰ سندھ اور ایس ایس پی کورنگی کراچی کا جنھوں نے اس سلسلے میں مسلسل رابطہ کیا اور مکمل تعاون کا اظہار کیا۔‘

اس سے قبل مولانا ہدایت الرحمان نے فیس بک اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ 13 سالہ عبدالباسط کراچی کے علاقے سعود آباد میں واقع مدرسے میں زیر تعلیم ہیں۔ وہ منگل کو عصر کے وقت مدرسے سے گھر کے لیے نکلے لیکن گھر نہیں پہنچے اور تاحال لاپتہ ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کی تلاش میں تعاون کریں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مولانا ہدایت الرحمان سے فون پر رابطہ کر کے گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ 

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کروائی تھی کہ ’حکومتِ بلوچستان بچے کی تلاش میں مکمل تعاون فراہم کرے گی اور جلد بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔‘

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان کے بیٹے کی بازیابی کے لیے حکومت سندھ سے بھی رابطہ کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ وہ سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان اس معاملے پر سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More