کراچی کے مختلف حصوں میں جمعرات کی شب اچانک موسم نے کروٹ بدلی اور تیز بارش نے شہریوں کو چونکا دیا۔ شہر کے مضافاتی علاقے کاٹھور، گڈاپ، اور اطراف کے دیگر مقامات پر بارش کا آغاز ہوا، جو آہستہ آہستہ اندرونِ شہر پھیلنے لگا۔ گلشن حدید میں بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ تیز بارش نے موسم کو خوشگوار تو بنایا لیکن ساتھ ہی شہریوں کو ممکنہ مسائل کا عندیہ بھی دیا۔
ملیر، صفورا، ماڈل کالونی اور سعدی ٹاؤن میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ڈیفنس، اسکیم 33 اور نارتھ ناظم آباد میں آسمان سے برستی بوندیں کہیں خوشی کا پیغام لائیں تو کہیں سڑکوں پر پانی کے جمع ہونے کا خدشہ پیدا کر گئیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مون سون کا موجودہ نظام جمعے سے اتوار کے دوران شہر کو متاثر کرسکتا ہے۔ ماہرِ موسمیات انجم نذیر کے مطابق ہفتے کے روز موسلا دھار بارش شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کی صورت اختیار کر سکتی ہے، جبکہ اتوار کو بھی ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارتی ریاست گجرات کے قریب کم دباؤ کا سسٹم موجود ہے، جو آنے والے دنوں میں سندھ کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا سبب بن سکتا ہے۔ اس سسٹم کے نتیجے میں نہ صرف کراچی بلکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی پانی کے جمع ہونے اور شہری زندگی متاثر ہونے کے خطرات موجود ہیں۔
<\p>
شہریوں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، کیونکہ اگلے چند دنوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔