جمعے کے روز لیاری کے علاقے میں گرنے والی عمارت سے تا حال 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ واقعے میں پانچ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا متعلقہ حکام کے مطابق اب تک 95 فیصد ملبہ ہٹانے کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور امید ہے کہ آج مکمل کر لیا جائے گا۔
واقعے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے جبکہ 9 خواتین اور 15 مرد اور 13 سالہ اور 10 سالہ بچے سمیت ایک ٓڈیڑھ سالہ بچی کی لاش سمیت 27 افراد کی لاشیں نکالی گئی جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ سانحے میں ہلاک ہونے والے 20 کو مواچھ گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کہا ہے کہ پولیس سے رابطے میں ہیں، امدادی کارروائیاں مکمل ہوتے ہی جائے وقوعہ سے مشیننری نکال دی جائے گی اور جائے وقوعہ کو سیل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملبے میں مزید کسی شخص یا لاش کے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ متاثرین سے رابطے میں ہیں ان کی بحالی اور عارضی رہائش کےلئے انتظام کرچکے ہیں ۔
اداروں نے حالیہ دنوں میں لیاری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن لیا ہے اور اکیس عمارتوں کو انتہائی مخدوش قرار دیا ہے۔ تاہم اس واقعے نے ان اقدامات کے موثر ہونے پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔