یوم عاشور کی سکیورٹی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جلوس کا فضائی معائنہ کیا اور جلوس کی روانی اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر ان کے ساتھ وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی پولیس غلام نبی میمن بھی موجود تھے ۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سی پی او کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے جلوسوں کی نقل و حرکت کا مختلف کیمروں سے جائزہ لیا اور ضروری احکامات دیئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کیجانب سے محرم الحرام کے جلوسوں کی نقل و حرکت اور مانیٹرنگ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 101 لوکیشن پر 324 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی وہیکل کیمرے بھی جلوس کی نگرانی کررہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یوم عاشور کے روایتی جلوس کے لئے فول پروف انتظامات کیےگئے ہیں، جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل فون سروس مکمل طور پر معطل ہیں جبکہ سندھ رینجرز اور پولیس کے دستےجلوس کے آگے چل رہے ہیں۔ رینجرز اور پولیس کے ماہر نشانہ باز اہلکار بلند و بالا عمارتوں پر تعینات ہیں۔
جلوس کی گزر گاہوں کو کنٹینر رکھ کر مکمل سیل کیا ہوا ہے، رینجرز اور پولیس کے سراغ رساں کتوں کی مدد سے گزرگاہوں کی سوپئنگ کی جارہی ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جلوس کی گزرگاہوں پر سوئپنگ کررہا ہے. قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کلیئرنس کے بعد جلوس کو آ گے بڑھایاجا رہا ہے سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں کے اہلکار بھی جلوس کی نگرانی کے لئے تعینات ہیں .