پاکستان میں مزید بارش، طوفان اور گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اردو نیوز  |  Jul 10, 2025

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی، طوفان اور شمالی علاقہ جات میں گلیشیئر کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔

اینڈ ی ایم اے کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے اور ممکنہ بارشوں کے باعث گلیشیائی علاقوں میں گلیشیئر کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس لیے ہنزہ، شگر، گانچھے اور چترال کے دریاؤں کے قریب رہنے والے رہائشی محتاط رہیں۔

این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا، جی بی ڈی ایم اے، اور ڈی ڈی ایم اے کو حساس علاقوں کی نگرانی کی ہدایت دے دی ہے۔

بیان کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر کے ملحقہ علاقوں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں ممکنہ طور پر سیلابی صورت حال کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، زیارت، ڈیرہ بگٹی، سبی، چمن، کوئٹہ مستونگ، قلات، سراب، خضدار،آوران اور پنجگور کے ملحقہ علاقوں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کی بندش اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ جبکہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہو جاتا ہے لہذا محتاط رہیں۔

این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا، جی بی ڈی ایم اے، اور ڈی ڈی ایم اے کو حساس علاقوں کی نگرانی کی ہدایت دے دی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو کہا ہے کہ وہ حساس علاقوں میں ایمرجنسی مشینری اور آلات کی بروقت دستیابی یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نالوں، دریاؤں، اور تیز بہاؤ والی آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

سیاحوں کو بھی گلیشیئر کے قریبی علاقوں میں جانے، تصاویر بنانے یا ٹریکنگ سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال میں سڑکوں کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More