شادی کا دعوت نامہ تک چھپ چکا، پھر سلمان خان اور سنگیتا بجلانی نے راہیں جُدا کیوں کرلیں؟

اردو نیوز  |  Jul 10, 2025

سلمان خان اور ان کی سابق گرل فرینڈ سنگیتا بجلانی ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ دبنگ خان کو بدھ کی رات سنگیتا بجلانی کی 65 ویں سالگرہ کی پارٹی میں دیکھا گیا تھا۔ اس تصویر کو اداکار ارجن بجلانی نے اپنے انسٹاگرام پر اپ پوسٹ کیا جس میں وہ سلمان، سنگیتا اور ان کی اہلیہ نیہا سوامی کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔

سلمان خان اور سنگیتا کی تصویر نے ایک بار پھر ان کے رشتے کی تمام یادیں تازہ کر دی ہیں۔ سنگیتا بجلانی کو سلمان کی پہلی گرل فرینڈ کہا جاتا ہے۔ دونوں نے 1986 میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا اور تقریباً آٹھ سال تک ساتھ رہے۔

ان کا رشتہ ایک وقت پر عروج پر پہنچ گیا تھا اور وہ مئی 1994 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے تھے۔ کارڈز چھپ چکے تھے اور بالی ووڈ کے حلقوں میں ان کی شادی کے چرچے تھے۔

تاہم قسمت نے یاوری نی کی اور شادی چند ہفتے پہلے منسوخ کردی گئی تھی، کیونکہ سلمان خان کو دوسری لڑکی کے ساتھ پکڑ لیا گیا تھا۔ اس لڑکی کے بارے میں افواہ ہے کہ وہ سلمان کی دوسری گرل فرینڈ صومی علی ہے۔

سلمان کا آن ریکارڈ اعتراف اور بریک اپ کے بعد کی زندگی

’کافی ود کرن‘ سیزن 4 کے دوران سلمان نے خود اس بات کا انکشاف کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ وہ شادی کرنا چاہتے تھے، لیکن یہ کام نہیں ہوا۔ یہاں تک کہ انہوں نے سنگیتا کا نام لیا اور کہا کہ اُس نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑا اور شادی منسوخ ہوگئی۔ ’اس نے مجھے پکڑ لیا۔ میں پکڑا گیا۔ میں ایک بیوقوف ہوں۔‘

صومی علی نے بھی ایک بار اس بات کی تصدیق کی تھی کہ انہیں سنگیتا بجلانی نے سلمان خان کے ساتھ ان کے فلیٹ میں پکڑا تھا۔ صومی نے کہا کہ ’شادی کے کارڈ چھپے ہوئے تھے، لیکن سنگیتا نے سلمان کو میرے فلیٹ میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔‘

اور یہ بھی پہلا اور آخری موقع تھا جب سلمان خان شادی کے قریب تھے۔ اگرچہ انہوں نے دوسری عورتوں کے ساتھ تعلقات قائم کیے، لیکن یہ تعلقات کبھی شادی میں تبدیل نہیں ہوئے۔ کافی ود کرن شو میں سلمان نے خود اعتراف کیا کہ دوسری خواتین کے لیے انہیں ساری زندگی برداشت کرنا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’لوگ سمجھتے ہیں کہ میں ایک اچھا بوائے فرینڈ ہوں، لیکن مجھے ساری زندگی برداشت کرنا مشکل ہے۔‘

اگرچہ سلمان خان اور سنگیتا بجلانی کی شادی منسوخ ہو گئی تھی، لیکن دونوں نے جلد ہی اپنے ماضی کو دفن کر دیا اور باہمی احترام جاری رکھا۔ سنگیتا بجلانی نے 2001 میں ہٹ اینڈ رن کیس کے دوران بھی سلمان کا ساتھ دیا تھا۔ دونوں کو متعدد عوامی تقریبات اور شوز میں دیکھا گیا ہے۔

سنگیتا نے سابق انڈین کرکٹر محمد اظہرالدین سے ڈیٹنگ شروع کی اور دونوں نے 1996 میں شادی کرلی (فوٹو: انڈین ایکسپریس)سنگیتا نے بعد میں سابق انڈین کرکٹر محمد اظہرالدین سے ڈیٹنگ شروع کی اور دونوں نے 1996 میں شادی کرلی۔ انہوں نے سنگیتا سے شادی کرنے سے پہلے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی۔ اظہر کے ساتھ دوسری شادی تقریباً 14 سال تک چلی اور 2010 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔

سنگیتا نے اظہر سے علیحدگی کے بعد شادی نہیں کی۔ سلمان خان نے بھی کبھی شادی نہیں کی۔ سلمان اپنی اگلی ریلیز ’بیٹل آف گلوان‘ کی تیاری کر رہے ہیں جس کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا کریں گے۔ ریلیز کی تاریخ ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے، لیکن یہ ممکنہ طور پر اگلے سال عید کے آس پاس ریلیز ہوگی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More