بابوسر ٹاپ اور گلگت بلتستان میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے تباہی، 5 سیاح جاں بحق

ہماری ویب  |  Jul 22, 2025

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بابوسر ٹاپ اور گرد و نواح میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق فلیش فلڈز سے 14 سے زائد مقامات پر سڑکیں مکمل طور پر بند ہوگئی ہیں جبکہ بابوسر ٹاپ سے نیچے تھک کے مقام پر کلاوڈ برسٹ کے بعد 7 سے 8 کلومیٹر سڑک تباہ ہو گئی ہے۔ سیلابی ریلے میں بہہ کر 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ متعدد سیاح اب بھی لاپتا ہیں۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث 15 سے زائد گاڑیاں سیلاب میں بہہ گئیں۔

ڈپٹی کمشنر دیامر کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے اور متاثرہ علاقوں تک مشینری پہنچا دی گئی ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ شاہراہ قراقرم، لال پہاڑی، تتھا پانی اور دیوسائی جانے والی سدپارہ روڈ سمیت متعدد راستے بند ہیں۔ چلاس کے تھک نالے میں ایک خاتون سمیت تین افراد سیلابی ریلے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔

ادھر سکردو کے نواحی گاؤں رگیول میں بھی سیلابی ریلے نے کھیتوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سوات کے علاقے کبل میں سیلابی ریلے میں ایک گاڑی بہہ گئی تاہم مقامی افراد نے سواروں کو بچا لیا۔

این ڈی ایم اے اور گلگت بلتستان حکومت کے مطابق، ریلیف سامان، راشن پیکٹس اور خیموں کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More