لاہور: جیل ریفارمز پالیسی ، قیدیوں سے ملاقات کا نظام تبدیل

ہماری ویب  |  Jul 22, 2025

وزیراعلیٰ پنجاب کی محفوظ جیل پالیسی کے تحت جیل ریفارمز کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں سے ملاقات کے عمل کو مؤثر اور باوقار بنانے کے لیے صوبہ بھر کی جیلوں میں جامع ایس او پیز جاری کر دیے ہیں۔ نئے قواعد کے تحت ملاقاتیوں کو عزت، سہولت اور احترام کے ساتھ ملاقات کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق ان ایس او پیز میں جیل احاطے کے قریب مخصوص، صاف اور نشان زدہ پارکنگ ایریاز، انتظارگاہ سے مین گیٹ تک مفت ٹرانسپورٹ، صاف ستھری اور آرام دہ انتظارگاہیں، علیحدہ مرد و خواتین واش رومز، بزرگوں اور بچوں کے لیے خصوصی انتظامات، کیو مینجمنٹ سسٹم، ایل ای ڈی ٹی وی، ساؤنڈ سسٹم، اور شکایات کے اندراج کے لیے واٹس ایپ نمبر شامل ہیں۔

انتظارگاہوں میں خواتین، معذور افراد اور بزرگوں کے لیے علیحدہ نشستوں کا بندوبست کیا جائے گا جبکہ گرمیوں میں ٹھنڈے پانی اور سٹین لیس سٹیل گلاس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ بچوں کی دل جوئی کے لیے بسکٹ اور کینڈیز بھی مہیا کی جائیں گی۔

محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ملاقات کے منتظر افراد کو باقاعدہ قطاروں اور گروپوں میں بلانے کے لیے مؤثر کیو مینجمنٹ سسٹم فعال رکھا جائے گا اور تمام اعلانات مہذب اور واضح انداز میں کیے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق سپرنٹنڈنٹ جیل ان ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کے ذمہ دار ہوں گے اور ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کی ٹیمیں ان پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گی خلاف ورزی کی صورت میں سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے شہری معزز اور قابل احترام ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی بدسلوکی یا غیر انسانی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More