کم ترین مدتِ حمل میں پیدا ہونے والے بچے کی پہلی سالگرہ، ’لڑتا ہوا آیا لڑتا ہوا جائے گا‘

اردو نیوز  |  Jul 28, 2025

امریکہ میں پیدا ہونے والے بچے نیش کین نے ایک سال کا ہو کر نہ صرف اپنی زندگی کی جنگ جیت لی ہے بلکہ دنیا کے سب سے کم مدت حمل میں پیدا ہونے والے بچے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ’نیش کین پانچ ماہ سے کم عرصہ ماں کے پیٹ میں رہے۔ وہ حمل کے بعد 21ویں ہفتے پیدا ہوئے۔‘

گارڈین کے مطابق نیش کین کی والدہ مولی نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ ’نیش نہایت پُرعزم اور تجسس سے بھرپور ہے، ہر وقت مسکراتا رہتا ہے۔‘

والد رینڈل کین کا کہنا ہے کہ ’نیش بڑا ہو کر کہے گا، میں دنیا میں لڑ کر آیا تھا اور لڑتا ہوا ہی جاؤں گا۔‘

نیش کین کی پیدائش پانچ جولائی 2024 کو یونیورسٹی آف لووا ہیلتھ کیئر کے ہسپتال میں ہوئی تھی جو کہ ان کی متوقع پیدائش سے 133 دن پہلے تھی۔ پیدائش کے وقت نیش کین کا وزن صرف 283 گرام تھا۔

پیدائش کے بعد نیش کین کو اگلے چھ ماہ ہسپتال کی انتہائی نگہداشت وارڈ میں گزارنے پڑے۔

خبر کے مطابق یہ دوسرا موقع تھا جب مولی نے قبل از وقت بچے کو جنم دیا۔ اس سے قبل ان کی بیٹی میک کنلی حمل کے 18 ہفتوں بعد ہی پیدا ہوئی تھی لیکن وہ زندہ نہیں بچ سکی تھی۔

مولی کہتی ہیں کہ ’جب نیش کین کی امید ہوئی تو ہم پرجوش ضرور تھے لیکن خوفزدہ بھی تھے اس وجہ سے کوئی زیادہ امید نہیں لگائی تھی۔‘

نیش کین کی دیکھ بھال کرنے والی ڈاکٹر ایمی سٹینفورڈ نے بتایا کہ ’نیش نے پیدائش کے بعد نہایت نازک حالت میں کئی پیچیدگیوں کا سامنا کیا لیکن اس نے حیران کن حد تک مضبوطی دکھائی اور آہستہ آہستہ بہتری کی جانب بڑھتا گیا۔‘

نیش کین اب ایک سال کا ہو چکا ہے اگرچہ وہ ابھی آکسیجن پر ہے اور فیڈنگ ٹیوب کے ذریعے خوراک حاصل کر رہا ہے لیکن اس کے والدین اُسے نرم غذا کھلانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اسے ابھی رینگنا نہیں آیا مگر وہ کروٹیں لینے لگا ہے۔

نیش کین کے والد کہتے ہیں کہ ’جب ہم اسے نیش پوٹیٹو کہتے ہیں یا جب وہ کھڑا ہونے کی کوشش کرتا ہے اور ہم اسے داد دیتے ہیں، تو وہ خوشی سے کھیلنے لگتا ہے، جیسے اُسے مزید کچھ کرنے کی تحریک ملتی ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More