تینوں طلاقوں کی اصل وجہ کیا تھی؟ شمعون عباسی نے پہلی بار کامیاب سابقہ بیویوں سے رشتہ ٹوٹنے کی حقیقت بتا دی

ہماری ویب  |  Jul 28, 2025

”میرے رشتے اس لیے نہیں چل سکے کیونکہ ہم زندگی سے مختلف چیزیں چاہتے تھے“ شمون عباسی

معروف اداکار، ہدایتکار، رائٹر اور پروڈیوسر شمون عباسی جنہیں ان کے بےمثال اداکاری کے انداز اور ہر کردار میں ڈھل جانے کی صلاحیت کے باعث پہچانا جاتا ہے، حال ہی میں وصی شاہ کے پروگرام میں شریک ہوئے۔ شو میں انہوں نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر کھل کر بات کی، اور خاص طور پر اپنی متعدد شادیوں اور طلاقوں پر غیر معمولی دیانتداری سے گفتگو کی۔

شمون عباسی نے کہا: ”میرے رشتے اس لیے ختم ہوئے کیونکہ دونوں افراد زندگی میں مختلف چیزوں کے طلبگار تھے۔ میری سابقہ بیویاں شاید زیادہ شہرت، کامیابی اور مادی آسائشیں چاہتی تھیں، جبکہ میں ایک ایسا شخص ہوں جو سمجھتا ہے کہ ہر چیز وقت کے ساتھ آتی ہے۔“

شمون عباسی نے کبھی اپنی سابقہ بیویوں کے بارے میں منفی بات نہیں کی۔ ان کا ماننا ہے کہ ہر فرد کو اپنی زندگی سے کچھ چاہنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جویریہ عباسی اور حمیما ملک دونوں نے اپنے کیریئر میں مجھ سے بہتر مقام حاصل کیا، اور میں اس پر خوش ہوں کہ ہر کسی نے آخر کار اپنی منزل پا لی۔

یاد رہے کہ شمون عباسی کی پہلی شادی اداکارہ جویریہ عباسی سے ہوئی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی انزالہ ہے۔ بعد ازاں وہ اداکارہ حمیما ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے لیکن یہ رشتہ ایک سال سے زیادہ نہ چل سکا۔ تیسری بار انہوں نے جویریہ رندھاوا سے شادی کی اور ان سے بھی ایک بیٹی ہے۔ موجودہ وقت میں وہ اداکارہ شری شاہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھے ہوئے ہیں اور ان کی شادی کو پانچ سال ہو چکے ہیں۔

شمون عباسی نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان رشتوں کے ٹوٹنے میں ان کی اپنی کوتاہیاں بھی شامل تھیں۔ "ہو سکتا ہے میں اپنی شریک حیات کی خواہشات کو مکمل طور پر سمجھ نہیں پایا، یا جو وہ چاہتی تھیں وہ حاصل کرنے کے لیے میں نے وہ عملی اقدامات نہ کیے جو شاید مجھے کرنے چاہیے تھے۔"

اداکار نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ان کا اپنی سابقہ بیویوں کے ساتھ آج بھی ایک اچھا اور باعزت تعلق ہے، اور اگر کبھی ضرورت ہو تو وہ ایک دوسرے سے فون پر رابطہ بھی کر لیتے ہیں۔ ان کے بقول: "یہ عزت اور خوش اخلاقی دونوں طرف سے کوششوں کا نتیجہ ہے۔ بعض اوقات انسان اچھے ہوتے ہیں لیکن ان کے درمیان باہمی مطابقت نہیں ہو پاتی۔"

شمون عباسی کی صاف گوئی اور غیر جذباتی انداز میں اپنے ذاتی رشتوں کا تجزیہ سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے، جہاں صارفین ان کی حقیقت پسندی اور سابقہ بیویوں کے لیے عزت کے رویے کو قابلِ تعریف قرار دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More