ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کا آمنا سامنا، ’ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ میچ دیکھوں‘

اردو نیوز  |  Jul 29, 2025

انڈیا کی مذہبی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کہا کہ ’میرا ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ دیکھوں۔‘

ایشیا کپ کے لیے طے شدہ میچ پہلگام واقعے کے تقریباً پانچ ماہ بعد کھیلا جا رہا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 14 ستمبر کو ہونے والے اس میچ کا اعلان تین روز قبل ہی کیا گیا تھا، جس کی انڈیا میں وسیع پیمانے پر مخالفت سامنے آئی اور پاکستان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔

پارلیمان میں آپریشن سندور کے موقع پر بحث کے دوران اویس الدین نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کا نکتہ اٹھایا اور کہا کہ ان کا ضمیر کبھی اس کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ یہ میچ دیکھیں۔

ان کے مطابق ’جب پاکستان کے جہاز ہماری فضائی اور کشتیاں آبی حدود میں نہیں آ سکتیں، تجارت روک دی گئی ہے۔ ایسے میں کیسے آپ پاکستان کے ساتھ میچ کھیل سکتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب ہم ان کو پانی نہیں دے رہے اور 80 فیصد تک پانی روک رہے ہیں اور کہہ بھی رہے ہیں کہ پانی اور خون نہیں بہے گا، ایسے وقت میں آپ کرکٹ میچ کھیلیں گے۔‘

حیدر آباد سے منتخب ہونے والے رکن پارلیمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کیا حکومت میں اتنا حوصلہ ہے کہ وہ 25 مرنے والوں سے کہے کہ ہم نے آپریشن سندور کا بدلہ لے لیا ہے اور اب پاکستان کے ساتھ میچ دیکھیں۔‘

ایشیا کپ 2025 میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو 9 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور انڈیا 14 ستمبر کو ایک دوسرے کے مقابل ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کو سپر فور مرحلے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے اور ٹورنامنٹ کے دوران ایک بار پھر بھی آمنے سامنے آ سکتی ہیں۔

اگر دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہیں تو پھر دونوں کے درمیان تیسرا میچ بھی ہو سکتا ہے۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ 14 ستمبر کو شیڈول ہے (فوٹو: پی سی بی)

حالیہ دنوں میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کا طے شدہ میچ اس لیے کینسل کیا گیا تھا کہ متعدد انڈین کھلاڑیوں نے خود کو اس سے الگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ایک حملے میں 26 افراد کی ہلاکت کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔

انڈیا کی جانب سے پاکستان پر الزام لگایا کہ اس میں وہ ملوث ہے تاہم اسلام آباد نے اس کی تردید کی۔

تاہم دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی بڑھتی گئی اور انڈیا نے پانی کی تقسیم کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد سات مئی کو انڈیا نے پاکستان میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں پاکستان نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات انڈیا کے اندر کئی مقامات پر بمباری کی۔

بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More