بلوچستان: بسیمہ میں شدت پسندوں کا حملہ، تین پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

اردو نیوز  |  Aug 12, 2025

بلوچستان کے ضلع واشک میں نامعلوم شدت پسندوں نے پولیس تھانے سمیت کئی سرکاری عمارتوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ سے تقریباً 300 کلومیٹر دور واشک کے ضلعی ہیڈ کوارٹر بسیمہ میں دو درجن سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار تقریباً 50 حملہ آور پیر اور منگل کی درمیانی شب داخل ہوئے اور پولیس تھانے، جوڈیشل کمپلیکس اور دیگر سرکاری عمارتوں پر حملہ کر دیا۔

اس دوران شہر میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں بھی آتی رہیں۔

حملہ آوروں نے جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت، پولیس کی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جبکہ ایک شخص کے گھر میں گھس کر ان کی گاڑی اور موٹر سائیکل بھی لے گئے۔

مسلح افراد نے سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر بھی راکٹ کے گولے داغے جن میں سے ایک گولہ عبدالقادر نامی شخص کے گھر میں گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے اس کی بیٹی اور بیٹا زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کی زد میں آکر دو ٹرک ڈرائیور بھی زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس تھانے پر حملہ کیا جس پر پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار امداد اللہ، امین اللہ اور نذیر احمد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو بسیمہ کے سرکاری ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حملہ آوروں نے بائی پاس کے مقام پر سکیورٹی فورسز کی کیو آر ایف ٹیم پر بھی حملہ کیا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم سرکاری طور پر اب تک کسی نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

ادھر سبی میں گرلز کالج کے قریب ناکہ لگا کر چیکنگ کرنےوالے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے دھماکے سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد افضل زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب ایران کی سرحد سے متصل ضلع کیچ کے علاقے تمپ گومازی میں نامعلوم سمت سے داغا گیا مارٹر گولہ گھر پر گر گیا۔ لیویز کنٹرول تربت کے مطابق مارٹر گولے کے دھماکے سے 12 سالہ بچہ ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

کیچ ہی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت کے علاقے آبسر میں ایک گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا۔ ایس ایچ او شیر جان بلوچ کے مطابق دستی بم کے پھٹنے سے دو خواتین معمولی زخمی ہوئیں۔

مستونگ میں بھی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق دستی بم کمپلیکس کے قریب باغیچہ میں گر کر دھماکے سے پھٹ گیا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More