مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر۔۔ زرمبادلہ ذخائر تین گنا بڑھ گئے ! یومِ آزادی پر گورنر اسٹیٹ بینک کا خطاب

ہماری ویب  |  Aug 14, 2025

پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں پرچم کشائی کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی معیشت کے موجودہ سفر اور مستقبل کے اہداف پر روشنی ڈالی۔

گورنر جمیل احمد نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کو غیر معمولی معاشی دباؤ کا سامنا رہا، تاہم اب حالات بتدریج سنبھل رہے ہیں اور ملک معاشی استحکام و پائیدار ترقی کی سمت بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مئی 2023 میں مہنگائی 38 فیصد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی تھی، مگر پالیسی اقدامات کے نتیجے میں یہ مئی 2024 تک 11.8 فیصد اور جون 2025 میں 3.2 فیصد تک کم ہوگئی، جو ملکی تاریخ کی کم ترین سطح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی لانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے جون 2024 سے بتدریج سات مراحل میں پالیسی ریٹ 22 فیصد سے گھٹا کر 11 فیصد تک کیا۔ گورنر کے مطابق موجودہ زری پالیسی کا بنیادی مقصد قیمتوں میں استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کی حد میں رکھنا ہے، تاکہ کاروباری مواقع کو فروغ ملے اور معیشت میں وسعت آئے۔

بیرونی شعبے میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مالی سال 2023 کے آخر میں 4.4 ارب ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 2025 کے آخر میں 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ یہ اضافہ غیر ملکی قرض لیے بغیر حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 14 برس بعد 2.1 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس اور ریکارڈ 38.3 ارب ڈالر کی ترسیلات زر نے اس پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کامیابی کو بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی تسلیم کیا اور پاکستان کی درجہ بندی بہتر بنائی، جس سے بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے مالی شمولیت میں ٹیکنالوجی کے کردار پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے فوری ادائیگی کے نظام **’راست‘** کو ایک الگ ادارے کی حیثیت دے دی ہے تاکہ ڈیجیٹل لین دین کو عام کیا جا سکے۔ ساتھ ہی نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے شہری، خاص طور پر خواتین، بغیر بینک برانچ گئے اکاؤنٹ کھول سکیں گی۔

تقریب میں ’زندگی ٹرسٹ اسکول‘ کے طلبا نے ملی نغمے پیش کیے، جو حاضرین سے بھرپور داد وصول کرتے رہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ یہ دن نہ صرف آزادی کی یاد دہانی ہے بلکہ ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کے عزم کو بھی تازہ کرتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More