بلوچستان حکومت نے "بینک آف بلوچستان" کے قیام کا اعلان کردیا

ہماری ویب  |  Aug 26, 2025

بلوچستان حکومت نے صوبے کی معاشی ترقی اور عوام کو جدید مالی سہولیات فراہم کرنے کے لیے "بینک آف بلوچستان" کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اس منصوبے کی ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ پیش کی گئی، جسے قابلِ عمل قرار دے دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر "آپریشنل پلان" تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بینک آف بلوچستان عوام، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو معیاری بینکنگ سہولیات فراہم کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ "بلوچستان کے عوام جلد خوشخبری سنیں گے، یہ بینک صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

"وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدام صوبائی وسائل کو بروئے کار لا کر بلوچستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تاریخی پیش رفت ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکریٹری بابر خان اور دیگر حکام شریک ہوئے جبکہ بینکنگ سیکٹر کے ماہرین نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ بینک آف بلوچستان کے قیام کے منصوبے کو جلد فعال بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More