خیبر پختونخوا کے 72 سرکاری اسپتال نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

ہماری ویب  |  Aug 28, 2025

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے کے 72 سرکاری اسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اسپتالوں میں کیٹیگری بی اور ڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اور رورل ہیلتھ سنٹرز شامل ہیں۔

محکمہ صحت سے موصول دستاویزات کے مطابق لکی مروت، شمالی وزیرستان (میران شاہ)، ہنگو اور ملاکنڈ درگئی سمیت متعدد اضلاع کے اسپتالوں کو نجی فرمز کے حوالے کیا جائے گا۔

صوبائی مشیر صحت احتشام خان کے مطابق یہ فیصلہ عوامی مفاد اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہےخاص طور پر ان علاقوں میں جہاں عملے کی کمی، مریضوں کی کم شرح داخلہ، اسٹاف کی غیر حاضری اور انتظامی بدحالی جیسے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے ان اسپتالوں میں عملہ مکمل اور حاضر ہوگا طبی سامان دستیاب ہوگا اور مریضوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا سکے گا۔ حکومت ان اسپتالوں کو ریگولیٹ کرے گی اور نجی فرم ان کو مخصوص بجٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق چلائے گی۔

حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد قبائلی اضلاع سمیت دور دراز علاقوں میں صحت سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔ محکمہ صحت نے متعدد رورل ہیلتھ سنٹرز کو بھی نجی فرمز کو دینے کی منظوری دی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More