کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس نے ایک گھر کی خوشیاں چھین لیں۔ الاآصف اسکوائر کے قریب سڑک پار کرتی گیارہ سالہ بچی اور اس کی خالہ کو تیز رفتار کوسٹر نے روند ڈالا۔ حادثے میں کمسن بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ اس کی خالہ شدید زخمی ہو کر اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سچل تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں بے قابو کوسٹر نے دونوں کو ٹکر ماری۔ زخمی اور جاں بحق بچی کو عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔ بچی کی شناخت رحیمہ کے نام سے ہوئی، جو والدین کی واحد اولاد تھی۔ اہلخانہ نے بتایا کہ حادثے کے وقت وہ اپنی خالہ کے ہمراہ اسپتال سے گھر لوٹ رہی تھی۔
رحیمہ کے ماموں نے اسپتال میں میڈیا کو بتایا کہ بچی والدین کی علیحدگی کے بعد اپنی ماں کے ساتھ انہی کے گھر میں رہائش پذیر تھی۔
حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے کوسٹر اپنی تحویل میں لے کر سہراب گوٹھ چوکی منتقل کر دی ہے۔ تفتیشی حکام نے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے اور لواحقین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔