“میں ماں ہوں اور اپنے بچوں کی پرورش کرنا سب سے مشکل کام ہے۔ ہم دونوں نے ہمیشہ یہ منصوبہ بنایا تھا کہ ہم امریکا شفٹ ہوں گے تاکہ بچوں کے لیے بہترین فیصلے کر سکیں۔ میں نے اپنے شوہر کے کیریئر کو سپورٹ کیا کیونکہ وہاں ان کے لیے ترقی کے زیادہ مواقع تھے اور اب ہم نے وہ سب کچھ کر لیا جو سوچا تھا۔”
صنم جنگ، جو اپنی مسکراہٹ اور خوش مزاجی سے ابتدا ہی سے مداحوں کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں، آج اپنی زندگی کا نیا سفر امریکا میں گزار رہی ہیں۔ وی جے کے طور پر شروعات کرنے والی صنم نے نہ صرف ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی بلکہ شادی، بیٹی کی پیدائش اور خاندانی زندگی تک ہر لمحہ عوام کے ساتھ شیئر کیا۔ ان کی شادی قسام جعفری سے ہوئی جو پیشے کے اعتبار سے پائلٹ ہیں اور امریکا میں مقیم ہیں۔
پاکستان میں کامیاب کیریئر کے باوجود صنم جنگ نے اپنے شوہر اور بچوں کے لیے نئی راہیں اختیار کیں۔ حال ہی میں پروگرام "ہسنا منع ہے" میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ انہوں نے کس سوچ کے تحت کیا۔ ان کے مطابق ماں بننے کے بعد سب سے بڑی ذمہ داری بچوں کی تربیت ہے۔ وہ چاہتی تھیں کہ ان کے بچے ایک محفوظ اور مستحکم ماحول میں پروان چڑھیں، اسی لیے امریکا منتقل ہونا ان کے نزدیک سب سے درست فیصلہ تھا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ ان کے شوہر نے ان کے لیے پاکستان چھوڑنے کا انتخاب نہیں کیا، لیکن انہوں نے اپنے خاندان کے مستقبل کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے کیریئر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مداحوں کے نزدیک یہی قربانی اور خاندانی وابستگی ان کی اصل پہچان ہے، جو انہیں مزید پسندیدہ بنا رہی ہے۔