گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی صوبے کی واحد یونیورسٹی ہے جو خواتین کی ہائیر ایجوکیشن کیلیے وقف ہے جہاں اب زبردست تعلیمی ماحول پروان چڑھ رہا ہے۔
سالوں بحران کے بعد پہلی دفعہ طلبہ کے اندراج میں قابل ستائش اضافہ ہوا ہے۔ آج ہم نے ویمن یونیورسٹی کے احاطے میں 200 طالبات کیلیے گرلز ہاسٹلز کا باقاعدہ افتتاح کیا جو ایک اور سنگ میل ہے۔ اگر ہماری کوششیں اور اساتذہ کا یہی ولولہ برقرار رہا تو سردار بہادرخان ویمن یونیورسٹی جلد ہی پاکستان کی ٹاپ رینکینگ یونیورسٹیوں میں شامل ہوجائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے دن ویمن یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کیا. اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور پرووائس چانسلر بھی موجود تھیں۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے صوبے کے مخیر حضرات پر بھی زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کی ترقی اور خاص طور پر مستحق طالبات کی داد رسی کیلیے اپنے حصے کا کردار ادا کریں. وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری اخراجات کم کرنے کیلیے اقدامات کریں. ویمن یونیورسٹی میں سیلف فنانس اسکیم کا سلسلہ کے اجرا کو لائق تحسین قرار دیا. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے تمام سائنس لیبارٹریز کا علیحدہ علیحدہ معائنہ کیا اور کورین نیوٹریشن پروجیکٹ کی جانب ویمن یونیورسٹی کیلیے وین بھی حوالے کی گئی۔