کشمیر پولیس میں بغاوت، اسلام آباد پولیس کے 2000 اہلکار طلب

ہماری ویب  |  Sep 14, 2025

آزاد جموں و کشمیر پولیس میں شدید بغاوت اور قلم چھوڑ ہڑتال کے باعث امن و امان کی صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔ حالات پر قابو پانے اور پولیس سسٹم کو فعال رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد نے فوری طور پر مختلف ڈویژنز سے نفری فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس سلسلے میں آپریشنز ڈویژن، سکیورٹی ڈویژن، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی)، سیف سٹی پراجیکٹ، لاجسٹکس، اسپیشل برانچ اور دیگر ونگز سے مجموعی طور پر دو ہزار اہلکار عارضی بنیادوں پر آزاد کشمیر بھیجے جائیں گے۔

اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام نے تمام متعلقہ ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ اہلکاروں کی فہرستیں "اولین ترجیح" کے تحت آج ہی تیار کی جائیں تاکہ بروقت روانگی کو یقینی بنایا جاسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آزاد کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو قابو میں لانے اور پولیس کے انتظامی ڈھانچے کو عارضی طور پر فعال رکھنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ حکومتی حلقوں کے مطابق اسلام آباد پولیس کی معاونت سے فوری طور پر حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More